
تھائی لینڈ کے مشہور سیاحتی جزیرے فوکٹ میں ایک تجارتی عمارت میں خوفناک آتشزدگی کے نتیجے میں کم از کم 11 افراد ہلاک اور 16 زخمی ہوگئے، جبکہ آگ نے قریبی عمارتوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کے مطابق واقعہ پیر کی علی الصباح سیاحتی علاقے پٹونگ میں پیش آیا، جہاں مقامی وقت کے مطابق صبح 3 بج کر 17 منٹ پر ایک تجارتی عمارت میں آگ بھڑک اٹھی۔ عمارت میں ریسٹورنٹ، کرائے پر رہائش کی سہولت اور موٹرسائیکل کرائے پر دینے کی دکان قائم تھی۔
آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کرلی اور قریبی کئی عمارتوں تک پھیل گئی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور آگ پر قابو پانے کے لیے کارروائیاں شروع کردیں۔
فوکٹ پولیس کے سربراہ سوراچائی سوکسائی نے بتایا کہ آگ لگنے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق عمارت کے قریب نصب بجلی کا ٹرانسفارمر آگ لگنے سے کچھ دیر پہلے دھماکے سے پھٹ گیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ابتدائی شواہد میں آتشزدگی کو جان بوجھ کر لگانے کے کوئی آثار سامنے نہیں آئے۔
فوکٹ کے گورنر چوڈنارِن کوئڈسوم نے بتایا کہ عمارت میں موجود موٹرسائیکل کرائے پر دینے کی دکان میں تقریباً 100 موٹرسائیکلیں موجود تھیں۔ اس کے علاوہ وہاں گیس، انجن آئل، پلاسٹک کا سامان اور ٹائر بھی رکھے ہوئے تھے۔
گورنر کے مطابق یہ تمام چیزیں آگ پکڑنے والا سامان تھا، جس کے باعث آگ تیزی سے پھیلی اور عمارت میں زہریلا اور گہرا دھواں بھر گیا۔
حکام کے مطابق زخمی ہونے والے 16 افراد میں 15 تھائی شہری جبکہ ایک میانمار کا باشندہ شامل ہے۔ حکام نے تصدیق کی ہے کہ اس واقعے میں کوئی غیر ملکی سیاح ہلاک یا زخمی نہیں ہوا۔
زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں انہیں دھوئیں کے باعث سانس لینے میں دشواری اور ٹوٹے ہوئے شیشوں سے لگنے والی چوٹوں کا علاج فراہم کیا گیا۔
واضح رہے کہ تھائی لینڈ میں عمارتوں، خصوصاً بارز اور نائٹ کلبوں میں حفاظتی انتظامات پر طویل عرصے سے سوالات اٹھتے رہے ہیں۔
رواں برس جولائی میں دارالحکومت بینکاک کے ایک مصروف بار میں بجلی کے شارٹ سرکٹ کے باعث آگ لگ گئی تھی، جس کے نتیجے میں تقریباً 40 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
اسی طرح 2012 میں فوکٹ کے ایک سیاحتی نائٹ کلب میں آتشزدگی کے باعث 4 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے تھے، جبکہ 2009 میں نئے سال کی تقریبات کے دوران بینکاک کے ایک کلب میں آگ لگنے سے 67 افراد ہلاک اور 200 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔