بشریٰ بی بی کی اسپتال منتقلی کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر


پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو طبی معائنے اور علاج کے لیے اسپتال منتقل کرنے کی درخواست اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کر دی گئی ہے۔
یہ درخواست جیل میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی سے ہونے والی ملاقات کے بعد سینئر وکلا لطیف کھوسہ اور بیرسٹر سلمان صفدر کی وساطت سے جمع کرائی گئی ہے، جس میں ان کی صحت کی تشویش ناک صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے فوری طبی امداد کی استدعا کی گئی ہے۔
عدالت عالیہ میں دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ 10 نومبر کو جیل ملاقات کے دوران بانی پی ٹی آئی نے بشریٰ بی بی کی صحت کی سنگینی سے متعلق آگاہ کیا تھا۔
درخواست کے متن کے مطابق بشریٰ بی بی نے خود بھی اپنی آنکھ کے عارضے اور ممکنہ سرجری کے حوالے سے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں دیکھنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ بشریٰ بی بی کے مطابق ڈاکٹروں نے انہیں بتایا ہے کہ ان کی آنکھ کی سرجری ناگزیر ہے، تاہم انہیں اس خطرے سے بھی آگاہ کیا گیا ہے کہ سرجری کے عمل کے دوران ان کی آنکھ کی بینائی متاثر ہونے یا ضائع ہونے کا خدشہ بھی موجود ہے۔
اسی تناظر میں وکلا نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ متعلقہ حکام کو بشریٰ بی بی کا مکمل طبی ریکارڈ عدالت کے روبرو پیش کرنے کا حکم دیا جائے۔

درخواست گزار کی جانب سے عدالت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ بشریٰ بی بی کی صحت اور بینائی کے تحفظ کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں فوری طور پر معیاری طبی اور سرجری کی تمام سہولیات فراہم کرنے کے احکامات جاری کیے جائیں تاکہ بروقت علاج ممکن ہو سکے۔
اس درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے باضابطہ سماعت کے لیے جلد تاریخ مقرر کیے جانے کا امکان ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles