
ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے خلیجی ملک بحرین میں امریکی فوجی اڈے پر ڈرون حملے کا دعویٰ کیا ہے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق بحرین نے اتوار کو دعویٰ کیا ہے کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے ایران کے متعدد فضائی حملوں کو ناکام بناتے ہوئے ڈرونز تباہ کر دیے ہیں، جبکہ ایران نے امریکی فوجی اڈے کو نشانہ بنانے کا اعلان کیا ہے۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان جنگ کے خاتمے کے لیے سفارتی کوششیں تاحال کسی نتیجے پر نہیں پہنچ سکیں۔
ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی فارس کے مطابق پاسدارانِ انقلاب نے امریکی اقدامات کے جواب میں بحرین میں قائم امریکی فوجی اڈے پر حملہ کیا ہے۔
ادھر ایرانی سرکاری ٹی وی پریس ٹی وی نے پاسدارانِ انقلاب کے حوالے سے بتایا کہ 6 ڈرونز کے ذریعے بحرین کے الرفاع ہیلی کاپٹر بیس پر امریکی فضائی دفاعی ریڈار کو نشانہ بنایا گیا۔ تاہم امریکی یا بحرینی حکام نے اس حملے کی فوری طور پر تصدیق نہیں کی۔
بحرینی فوج کے مطابق فضائی دفاعی نظام نے متعدد ایرانی فضائی حملوں کو ہدف تک پہنچنے سے پہلے ہی روک دیا۔ بحرین نے ایران پر مملکت کے خلاف مسلسل جارحانہ کارروائیوں کا الزام بھی عائد کیا ہے۔
بحرین میں امریکی بحریہ کے پانچویں بیڑے کا ہیڈکوارٹر بھی قائم ہے۔ بحرینی وزارتِ داخلہ نے شہریوں اور رہائشیوں کو پُرسکون رہنے اور قریبی محفوظ مقام پر منتقل ہونے کی ہدایت کی ہے۔
دو روز قبل بھی پاسدارانِ انقلاب نے بحرین میں امریکی ابتدائی وارننگ ریڈار تنصیب کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا تھا، تاہم امریکی فوج نے اس کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ دو ایرانی ڈرونز کو روک لیا گیا اور کسی قسم کا نقصان نہیں ہوا۔
دوسری جانب ایران کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے امریکا پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ نیا بیانیہ تشکیل دے کر ایران کے خلاف شروع کی گئی غیر قانونی جنگ کی ذمہ داری سے بچنے کی کوشش کر رہا ہے۔
اسماعیل بقائی نے امریکی حکام کے اس مؤقف کو مسترد کیا کہ امریکا نے ایران کے ساتھ جنگ شروع نہیں کی بلکہ 1979 کے اسلامی انقلاب کے بعد تہران نے دشمنی کا آغاز کیا تھا۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں بقائی نے کہا کہ امریکا 1953 کی بغاوت سے لے کر جنرل قاسم سلیمانی کے قتل تک ایران مخالف اقدامات میں ملوث رہا ہے۔ ان کے مطابق واشنگٹن ایران کے خلاف اپنی جارحیت کے نتیجے میں پیدا ہونے والے انسانی، معاشی اور جغرافیائی سیاسی نقصانات کی ذمہ داری سے بچنا چاہتا ہے۔
ادھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حالیہ دنوں میں کہا ہے کہ اگر ایران یا یمن کے حوثی باغیوں کی جانب سے کوئی نئی اشتعال انگیز کارروائی نہ ہوئی تو امریکا ایران پر مزید حملے روک سکتا ہے، تاہم امریکی بحری ناکہ بندی برقرار رہے گی۔
خطے میں کشیدگی کے ایک اور محاذ پر سعودی عرب کی قیادت میں قائم اتحاد نے اتوار کو دعویٰ کیا کہ اس نے دارالحکومت ریاض کی جانب داغے گئے حوثی باغیوں کے دو بیلسٹک میزائل اور مشرقی صوبے میں تین ڈرونز بھی تباہ کر دیے ہیں۔
جنگ کا آغاز 28 فروری کو ایران پر امریکی اور اسرائیلی حملوں سے ہوا تھا، جس کے بعد تنازع پورے خطے میں پھیل گیا۔ تقریباً نو ماہ گزرنے کے باوجود جنگ کے خاتمے کے لیے سفارتی کوششیں تاحال کسی بڑی پیش رفت میں کامیاب نہیں ہو سکیں۔