
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اور چینی صدر شی جن پنگ آئندہ ہفتے چین میں پہلی بار سہ فریقی ملاقات کریں گے، جس میں ایران کی جنگ اور جوہری ہتھیاروں پر کنٹرول کے معاملات زیرِ بحث آئیں گے۔
امریکی وائٹ ہاؤس نے تصدیق کی ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ 19 نومبر کو چین کے شہر شینزن میں ایشیا پیسیفک اکنامک کوآپریشن (اے پی ای سی) سربراہی اجلاس کے موقع پر روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اور چینی صدر شی جن پنگ سے سہ فریقی ملاقات کریں گے۔
’بی بی سی‘ کے مطابق یہ تینوں ممالک کے سربراہان کی پہلی مشترکہ ملاقات ہوگی، جو ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب ایران کے ساتھ جاری جنگ اور جوہری ہتھیاروں کے پھیلاؤ سمیت متعدد اہم معاملات عالمی سفارت کاری کے مرکز میں ہیں۔
امریکی حکام کے مطابق صدر ٹرمپ اس ملاقات میں ایران سے متعلق صورتِ حال اور جنگ کے معاملے پر روسی اور چینی قیادت سے بات کریں گے۔ تاہم واشنگٹن نے تاحال یہ واضح نہیں کیا کہ وہ تہران کے معاملے پر ماسکو اور بیجنگ سے کس نوعیت کے تعاون کی توقع رکھتا ہے۔
وائٹ ہاؤس کی ترجمان اولیویا ویلز نے بتایا کہ صدر ٹرمپ ملاقات میں دنیا بھر میں جوہری ہتھیاروں میں کمی کے معاملے پر بھی بات کریں گے۔ ان کے مطابق صدر ٹرمپ جوہری ہتھیاروں کے پھیلاؤ کو انتہائی خطرناک سمجھتے ہیں۔
خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق امریکی انتظامیہ کے ایک سینیئر عہدیدار نے صحافیوں کو بتایا کہ واشنگٹن کو اس ملاقات سے کسی فوری معاہدے کی توقع نہیں، بلکہ اسے تینوں ممالک کے رہنماؤں کی سطح پر بات چیت کے آغاز کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
تینوں رہنماؤں کی ملاقات کا ایک اہم موضوع جوہری ہتھیاروں پر کنٹرول بھی ہوگا۔ امریکا اور روس کے درمیان جوہری ہتھیاروں کی تعداد محدود کرنے والا آخری بڑا معاہدہ ’نیو اسٹارٹ‘ رواں سال فروری میں ختم ہوگیا تھا، جس کے بعد نصف صدی سے زائد عرصے میں پہلی بار دونوں ممالک کے جوہری ذخائر پر اس نوعیت کی پابندیاں موجود نہیں رہیں۔
صدر ٹرمپ نے روس کی جانب سے اس معاہدے میں ایک سال کی توسیع کی تجویز قبول کرنے کے بجائے ایک نئے اور جدید معاہدے کی ضرورت پر زور دیا ہے، جس میں چین کو بھی شامل کیا جائے۔
تاہم بیجنگ اس نوعیت کے معاہدے میں شامل ہونے کے حوالے سے زیادہ دل چسپی ظاہر نہیں کر رہا۔ چین کا مؤقف ہے کہ اس کے جوہری ہتھیاروں کا ذخیرہ امریکا اور روس کے مقابلے میں بہت کم ہے۔
امریکی خبر رساں ادارے ’ایسوسی ایٹڈ پریس‘ کی رپورٹ کے مطابق چین کے پاس 600 سے زیادہ جوہری وار ہیڈز ہیں، جب کہ امریکا اور روس کے پاس پانچ ہزار سے زیادہ وار ہیڈز موجود ہیں۔ اسٹاک ہوم انٹرنیشنل پیس ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے مطابق جوہری وار ہیڈز کی تعداد کے لحاظ سے روس پہلے، امریکا دوسرے اور چین تیسرے نمبر پر ہے۔
امریکی حکام نے واضح کیا ہے کہ سہ فریقی ملاقات میں یوکرین جنگ باضابطہ ایجنڈے کا حصہ نہیں ہوگی۔ ان کے مطابق واشنگٹن اس معاملے پر روس اور یوکرین کے ساتھ الگ سفارتی رابطے کر رہا ہے، اس لیے چین کو ان مذاکرات میں شامل کرنا مناسب نہیں ہوگا۔
صدر ٹرمپ کی چین میں قیام کے دوران شی جن پنگ سے الگ دوطرفہ ملاقات اور ورکنگ لنچ بھی طے ہے، جس کے بعد سہ فریقی بات چیت ہوگی۔ تاہم پیوٹن کے ساتھ ٹرمپ کی الگ سے ون آن ون ملاقات شیڈول میں شامل نہیں۔
امریکی صدر کے دورۂ چین میں ان کے ساتھ ارب پتی کاروباری شخصیت ایلون مسک بھی ہوں گے، تاہم وہ تینوں رہنماؤں کی سہ فریقی ملاقات میں شریک نہیں ہوں گے۔ امریکی حکام کے مطابق ٹرمپ کی شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن سے ملاقات بھی متوقع نہیں ہے۔
دوسری جانب روسی ایوانِ صدر کے ترجمان دمتری پیسکوف نے شینزن میں ہونے والی ملاقات کو انتہائی اہم قرار دیا ہے، تاہم ان کا کہنا تھا کہ وہاں ہونے والے کسی بھی ممکنہ اتفاق کو دوسرے ممالک پر مسلط نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے اس ملاقات کو 1945 کی یالٹا کانفرنس سے تشبیہ دینے کو بھی مسترد کیا ہے۔
یالٹا کانفرنس دوسری جنگ عظیم کے اختتام پر امریکا، برطانیہ اور سوویت یونین کی قیادت کے درمیان ہوئی تھی، جس میں جنگ کے بعد کے عالمی نظام سے متعلق اہم معاملات پر بات چیت کی گئی تھی۔
تاہم یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ شینزن میں ہونے والی بات چیت میں کیف کی شرکت کے بغیر یوکرین سے متعلق کسی ممکنہ معاہدے یا فیصلے پر گفتگو ہوسکتی ہے۔
تینوں عالمی رہنماؤں کی یہ ملاقات ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب ایران کی جنگ، جوہری ہتھیاروں پر کنٹرول اور عالمی طاقتوں کے درمیان تعلقات کو لے کر سفارتی سرگرمیاں تیز ہیں۔