ایران کا بحرین میں امریکی ریڈار کو نشانہ بنانے کا دعویٰ

ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے خلیجی ملک بحرین میں نصب امریکی ابتدائی وارننگ ریڈار کو نشانہ بنایا ہے۔ ایران کی جانب سے ستمبر کے آغاز کے بعد کسی خلیجی ملک میں امریکی فوجی تنصیبات پر حملے کا یہ پہلا دعویٰ ہے۔

ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق پاسدارانِ انقلاب نے جمعے کے روز بتایا کہ بحرین میں امریکی ابتدائی وارننگ ریڈار پر حملہ کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق پاسدارانِ انقلاب کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی ایران کے صوبے ہرمزگان کے جنوبی علاقے سیریک میں ایک ٹیلی کمیونیکیشن ٹاور پر مبینہ فضائی حملے کے جواب میں کی گئی۔

یہ دعویٰ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران اور امریکا کے درمیان جاری تنازع میں عارضی طور پر کشیدگی میں کمی آئی ہے، تاہم خطے کی صورتِ حال اب بھی غیر یقینی ہے۔

ایران اور امریکا کے درمیان جنگ کا آغاز 28 فروری کو ایران پر امریکا اور اسرائیل کے حملوں کے بعد ہوا تھا، جس کے بعد یہ تنازع خطے کے دیگر ممالک تک پھیل گیا۔

جنگ کے دوران ایران نے خلیجی ممالک میں قائم امریکی فوجی اڈوں کو میزائلوں اور ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنانے کی کارروائیاں کیں، جبکہ عالمی سطح پر تیل اور گیس کی ترسیل کے لیے انتہائی اہم آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت محدود کرنے کی کوشش بھی کی۔

دوسری جانب امریکا نے ایران کی بندرگاہوں پر بحری ناکہ بندی عائد کر دی تھی، جس سے خطے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی۔

تاہم بحرین میں امریکی ریڈار کو نشانہ بنانے کے ایرانی دعوے پر تاحال امریکا یا بحرین کی جانب سے کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا اور نہ ہی حملے سے ہونے والے ممکنہ نقصان کی تفصیلات جاری کی گئی ہیں۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles