ایران جنگ کا خاتمہ یا ٹرمپ پر گرفت؟ امریکی عوام نئی ڈیموکریٹ کانگریس سے کیا چاہتے ہیں؟

امریکا میں ہونے والے ایک تازہ عوامی سروے میں 71 فیصد شہریوں نے ایران کے ساتھ جاری جنگ ختم کرنے کے لیے نئی کانگریس سے قانون سازی اور فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

خبر رساں ادارے رائٹرز اور اِپسوس کے چار روزہ سروے کے مطابق ایران جنگ کے خاتمے کے لیے کانگریس سے قانون سازی کا مطالبہ کرنے والوں میں 93 فیصد ڈیموکریٹس اور 51 فیصد ری پبلکنز شامل ہیں۔ یہ جنگ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فروری میں اسرائیل کے ساتھ مل کر شروع کی تھی۔

گزشتہ ہفتے ہونے والے وسط مدتی انتخابات میں ڈیموکریٹس نے سینیٹ اور ایوانِ نمائندگان میں 2008 کے بعد اپنی سب سے بڑی اکثریت حاصل کی۔ انتخابی نتائج کو ٹرمپ کی ری پبلکن جماعت کے لیے عوامی ردعمل قرار دیا گیا، جس کی اہم وجوہات میں مہنگائی اور ایران کے ساتھ غیر مقبول جنگ شامل ہیں۔ نئی کانگریس 3 جنوری سے اپنی ذمہ داریاں سنبھالے گی۔

سروے میں شامل 62 فیصد افراد نے ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے درآمدی اشیا پر عائد محصولات ختم کرنے کی کوشش کی حمایت کی۔ ایران جنگ کے باعث ایندھن کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جبکہ درآمدی اشیا پر نئے محصولات نے بھی مہنگائی کے دباؤ میں اضافہ کیا ہے۔ ٹرمپ کا مؤقف ہے کہ ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکنے کے لیے جنگ ضروری ہے، جبکہ ان کے مطابق درآمدی اشیا پر محصولات امریکی صنعت کو تحفظ فراہم کریں گے۔

سروے کے مطابق تقریباً 90 فیصد امریکیوں کا خیال ہے کہ نئی کانگریس کو اپنے پہلے 100 دنوں میں مہنگائی اور روزمرہ اخراجات کے مسائل پر توجہ دینی چاہیے۔ اس کے مقابلے میں مصنوعی ذہانت کے ضابطوں، امیگریشن اصلاحات اور ماحولیاتی تبدیلی جیسے معاملات کو ترجیح دینے والوں کی تعداد کم رہی۔

ٹرمپ کے مواخذے پر عوامی رائے منقسم

صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مواخذے کے معاملے پر امریکی عوام کی رائے تقسیم نظر آئی۔ سروے میں 42 فیصد افراد نے کہا کہ نئی کانگریس کی جانب سے ٹرمپ کے مواخذے کی کارروائی ملک کے لیے نقصان دہ ہوگی، جبکہ 33 فیصد نے اسے ملک کے حق میں بہتر قرار دیا۔ باقی افراد نے اس بارے میں کوئی واضح رائے نہیں دی۔

ڈیموکریٹک پارٹی کے رہنماؤں میں بھی ٹرمپ کے خلاف کارروائی کے طریقہ کار پر اختلافات پائے جاتے ہیں۔ پارٹی کے بعض ارکان صدر یا ان کی کابینہ کے ارکان کے مواخذے کے حامی ہیں، جبکہ دیگر رہنما اس معاملے پر محتاط رویہ اختیار کرنے کے خواہاں ہیں۔ امریکی وزیرِ دفاع پیٹ ہیگسیتھ کو بھی ایک ری پبلکن قانون ساز کی کوشش کے بعد رواں ہفتے ایوانِ نمائندگان میں مواخذے کی کارروائی کا سامنا متوقع ہے۔

سروے میں صدر ٹرمپ کی مقبولیت کی شرح 32 فیصد ریکارڈ کی گئی، جو ان کے سیاسی کیریئر کی کم ترین سطحوں کے قریب ہے۔ تاہم ڈیموکریٹک پارٹی بھی عوام میں زیادہ مقبول نہیں۔ سروے میں 45 فیصد افراد نے ڈیموکریٹس کے بارے میں مثبت جبکہ 51 فیصد نے منفی رائے دی۔ ری پبلکنز کے حق میں 35 فیصد اور مخالفت میں 60 فیصد افراد نے رائے ظاہر کی۔

مصنوعی ذہانت کے شعبے کو منظم کرنے کے حوالے سے بہتر پالیسی کے سوال پر 28 فیصد افراد نے ڈیموکریٹس، جبکہ 20 فیصد نے ری پبلکنز کو بہتر قرار دیا۔ باقی افراد نے کہا کہ انہیں اس بارے میں علم نہیں یا دونوں جماعتوں میں سے کوئی بھی بہتر نہیں۔

رائٹرز/اِپسوس کا یہ سروے آن لائن اور امریکا بھر میں کیا گیا، جس میں ایک ہزار 705 بالغ شہریوں نے حصہ لیا۔ سروے کے نتائج میں غلطی کا امکان تقریباً دو فیصد بتایا گیا ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles