
نادرا کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر فہد خان کے قتل کی تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے واردات میں ملوث چار مبینہ حملہ آوروں اور مرکزی ملزم کی شناخت کرلی ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق دو موٹر سائیکلوں پر سوار چار ملزمان نے فہد خان کو نشانہ بنایا۔ جدید تکنیکی ذرائع اور سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے ملزمان کی جائے وقوعہ تک آمد، علاقے میں نقل و حرکت اور واردات کے بعد فرار ہونے کا راستہ بھی معلوم کرلیا گیا ہے۔
تحقیقاتی ذرائع کا کہنا ہے کہ فہد خان عموماً بلٹ پروف گاڑی اور ذاتی محافظوں کے ہمراہ دفتر آیا کرتے تھے، تاہم قتل کے روز وہ اکیلے دفتر جا رہے تھے۔ حملہ آوروں نے یونیورسٹی ٹاؤن کے علاقے سے ان کا تعاقب کیا اور متعدد مرتبہ علاقے کی ریکی کرنے کے بعد انہیں نشانہ بنایا۔
پولیس کے مطابق قتل بظاہر دیرینہ خاندانی دشمنی کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے۔ ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف ممکنہ ٹھکانوں پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
حکام نے مبینہ ملزمان کے قومی شناختی کارڈ بھی بلاک کردیے ہیں، جبکہ ان کے بیرون ملک فرار ہونے کے خدشے کے پیش نظر تمام سرحدی راستوں اور ہوائی اڈوں پر الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔