
وزیراعظم شہباز شریف اور مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کے درمیان گزشتہ روز ہونے والی ملاقات کی اندرونی تفصیلات سامنے آگئی ہیں، جس میں ملک میں جاری موجودہ سیاسی تناؤ کو کم کرنے کے لیے مختلف تجاویز اور اہم اقدامات پر غور کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ سیاسی ٹکراؤ اور محاذ آرائی کی پالیسی کے بجائے حکومت کی کارکردگی اور ملکی ترقی پر توجہ مرکوز کی جائے۔
ملاقات کے دوران سیاسی ماحول کو بہتر بنانے اور کشیدگی میں کمی لانے کے لیے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کو خصوصی ٹاسک سونپ دیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ حکومت کی اتحادی جماعتوں، بالخصوص (ق) لیگ کے ساتھ معاملات طے کرنے اور دیگر اتحادیوں کے ساتھ موجود اختلافی امور کو باہمی بات چیت کے ذریعے افہام و تفہیم سے حل کرنے پر مکمل اتفاق کیا گیا۔
اس اعلیٰ سطحی اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بھی شرکت کی اور صوبائی انتظامی امور اور موجودہ سیاسی صورت حال پر اپنا نقطہ نظر پیش کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں آئندہ ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے مسلم لیگ (ن) کی پارٹی حکمت عملی پر تفصیلی مشاورت کی گئی اور فیصلہ کیا گیا کہ پارٹی سے مخلص اور متحرک نوجوان قیادت کو آگے لایا جائے گا۔