خلا میں موجود سیٹلائٹس اب صرف مواصلات یا معلومات حاصل کرنے کا ذریعہ نہیں رہے بلکہ دنیا کی بڑی طاقتوں کے لیے فوجی اہمیت بھی اختیار کر چکے ہیں۔ ایسے میں روسی فوجی سیٹلائٹ کی ایک مغربی تجارتی سیٹلائٹ کے انتہائی قریب پہنچنے کے واقعے نے خلا میں ممکنہ تصادم اور سیٹلائٹس کی سلامتی سے متعلق خدشات بڑھا دیے ہیں۔
برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق، ایک امریکی خلائی ماہر نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ گزشتہ ماہ ایک روسی فوجی سیٹلائٹ مغربی ممالک کے زیر استعمال تجارتی سیٹلائٹ کے انتہائی قریب پہنچا، جسے ممکنہ خلائی حملے کی مشق قرار دیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ روس کے اسی گروپ کے دو مزید فوجی سیٹلائٹس اب ایک دوسرے مغربی سیٹلائٹ کی جانب بڑھ رہے ہیں۔
اکتوبر کے وسط میں روس کا فوجی سیٹلائٹ ’کاسموس 2612‘ مغربی ممالک کے زیر استعمال ایک تجارتی سیٹلائٹ ’ایکس 36‘ کے انتہائی قریب پہنچ گیا تھا۔ امریکی نائب وزیر خارجہ تھامس ڈی نینو نے اس واقعے کے بعد سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہا تھا کہ روسی سیٹلائٹ جان بوجھ کر ایک تجارتی سیٹلائٹ کے خطرناک حد تک قریب آیا، جس کا انداز فوجی مقاصد کے لیے خلائی سرگرمیوں جیسا تھا۔
ایکس 36 فن لینڈ کی کمپنی ’آئی سی آئی‘ (ICEYE) کا سیٹلائٹ ہے، جو ریڈار ٹیکنالوجی کے ذریعے زمین کی تصاویر حاصل کرتا ہے۔ اس کی فراہم کردہ معلومات مغربی حکومتیں اور فوجی ادارے استعمال کرتے ہیں، جن میں یوکرین بھی شامل ہے۔

تین خلائی ماہرین نے اس واقعے کو نچلے زمینی مدار میں کسی روسی فوجی خلائی جہاز کی جانب سے تجارتی سیٹلائٹ کے قریب آنے کے اب تک کے انتہائی قریبی واقعات میں سے ایک قرار دیا ہے۔
امریکی کمپنی ’انٹیگریٹی آئی ایس آر‘ کے سینئر خلائی تجزیہ کار گریگ گلنگر نے رائٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ ممکنہ حملے کی مشق دکھائی دیتا ہے۔ ان کے مطابق انہوں نے کسی دوسرے ملک کے سیٹلائٹس کو دھمکانے کے لیے روس کا اس قدر جارحانہ انداز پہلے نہیں دیکھا۔
گریگ گلنگر کے مطابق کاسموس 2612 کی نقل و حرکت سے اندازہ ہوتا ہے کہ روس ممکنہ طور پر کسی خلائی جہاز کو جسمانی طور پر نقصان پہنچانے کی صلاحیت آزما رہا تھا۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر مقصد صرف معلومات حاصل کرنا یا الیکٹرانک نظام میں خلل ڈالنا ہوتا تو کسی دوسرے سیٹلائٹ کے اتنے قریب جانے کی ضرورت نہیں تھی۔
امریکی خلائی انٹیلی جنس کمپنی ’سلنگ شاٹ ایرو اسپیس‘ کے مطابق کاسموس 2612 کو عوامی ریکارڈ میں ایک ایسے فوجی سیٹلائٹ کے طور پر درج کیا گیا ہے جو خلا میں موجود دیگر سیٹلائٹس کا معائنہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ یہ ان چھ فوجی سیٹلائٹس میں شامل ہے جنہیں روس نے رواں سال اپریل میں خلا میں بھیجا تھا۔
خلائی ماہرین کے مطابق مئی میں روس نے ان میں سے چار سیٹلائٹس کو ایکس 36 کے قریب پہنچایا تھا۔ اس کے بعد آئی سی آئی نے اپنے سیٹلائٹ کا مدار تبدیل کر دیا تھا، جس پر روسی سیٹلائٹس نے بھی اپنی نقل و حرکت میں تبدیلی کی۔ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو نے ستمبر میں رائٹرز کو اس پیش رفت سے آگاہ کیا تھا۔
اکتوبر کے آغاز میں کاسموس 2612، ایکس 36 سے کئی سو کلومیٹر پیچھے موجود تھا، تاہم چند روز کے دوران اس نے تیزی سے فاصلہ کم کیا اور اکتوبر کے وسط میں دونوں سیٹلائٹس کے درمیان فاصلہ ایک کلومیٹر سے بھی کم رہ گیا۔ بعض خلائی ماہرین کے مطابق روسی سیٹلائٹ چند سو میٹر یا اس سے بھی کم فاصلے تک پہنچ گیا تھا۔ بعد ازاں کاسموس 2612 تقریباً 400 کلومیٹر دور چلا گیا، لیکن معاملہ یہیں ختم نہیں ہوا۔

گریگ گلنگر کے مطابق روس کے اسی گروپ کے دو مزید سیٹلائٹس اب آئی سی آئی کے ایک اور خلائی جہاز ’ایکس 37‘ کے مدار کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ امریکی خلائی نگرانی کرنے والی کمپنی ’کام اسپاک‘ نے بھی کہا ہے کہ یہ دونوں سیٹلائٹس ایکس 37 کے قریب پہنچنے کے لیے بہتر پوزیشن میں آ رہے ہیں۔
جرمنی کے خلائی کمانڈر کے مطابق کسی دوسرے سیٹلائٹ کے انتہائی قریب پہنچنے کا مقصد اس کا معائنہ کرنا، اس کی نگرانی کرنا یا اس کے نظام میں مداخلت کرنا ہو سکتا ہے۔ تاہم یہ سب کچھ متعلقہ خلائی جہاز کی تکنیکی صلاحیتوں پر منحصر ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ایسے واقعات میں سیٹلائٹ کے نظام کو عارضی طور پر متاثر کرنے سے لے کر اسے مستقل طور پر ناکارہ بنانے تک کے تمام ممکنہ خطرات کو مدنظر رکھنا ضروری ہے۔
تاہم انہوں نے خبردار کیا کہ کسی سیٹلائٹ کا دوسرے کے قریب پہنچنے کی صلاحیت رکھنا اس بات کا ثبوت نہیں کہ روس کسی حملے کی تیاری یا مشق کر رہا ہے۔ ان کے مطابق صرف عوامی طور پر دستیاب مداری معلومات کی بنیاد پر اس سرگرمی کا اصل مقصد معلوم نہیں کیا جا سکتا۔
دوسری جانب آئی سی آئی کی امریکی آپریشنز کی سربراہ این اسٹیونز نے رائٹرز کو بتایا کہ ایکس 36 اپنا کام جاری رکھے ہوئے ہے اور مستقبل میں بھی فعال رہے گا۔ ان کے مطابق کمپنی کے پاس ریڈار تصاویر فراہم کرنے والے متعدد سیٹلائٹس موجود ہیں، اس لیے کسی ایک سیٹلائٹ کی سرگرمی متاثر ہونے کی صورت میں بھی اس کا پورا نظام کام جاری رکھنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
خلائی سرگرمیوں پر نظر رکھنے والے ماہر اور برطانوی فضائیہ کے سابق سینئر افسر کے مطابق روسی سیٹلائٹ کا ایکس 36 کے اتنے قریب پہنچنا اس خطرے کو بڑھاتا ہے کہ جان بوجھ کر یا حادثاتی طور پر کسی دوسرے سیٹلائٹ کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکا، چین اور روس سمیت بڑی عالمی طاقتیں مستقبل میں ممکنہ جنگ کے خلا تک پھیلنے کے خدشے کے پیش نظر اپنی خلائی فوجی صلاحیتوں میں اضافہ کر رہی ہیں۔
امریکا نے حال ہی میں تسلیم کیا ہے کہ اس نے مدار میں ہتھیار تعینات کیے ہیں، جبکہ امریکی خلائی کمان کے سربراہ اس سے قبل کہہ چکے ہیں کہ روس نے ایسا خلائی ہتھیار بھی تعینات کیا ہے جو امریکا کی قومی سلامتی کے لیے اہم سیٹلائٹس تک پہنچنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
یوں خلا میں بڑھتی ہوئی فوجی سرگرمیاں اس خدشے کو تقویت دے رہی ہیں کہ مستقبل میں زمین کے گرد موجود سیٹلائٹس بھی بڑی طاقتوں کے درمیان ممکنہ تنازع کا حصہ بن سکتے ہیں۔