
مصر میں قاہرہ کے قریب دو مسافر ٹرینوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں7 افراد ہلاک جبکہ 100 سے زائد زخمی ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق جیزہ سے فیوم جانے والی ٹرین اسی پٹری پر کھڑی قاہرہ سے اسوان جانے والی ٹرین کے آخری ڈبے سے ٹکرا گئی۔ حکام کے مطابق تصادم کے نتیجے میں کئی ڈبے پٹری سے اتر گئے، جبکہ بعض الٹ بھی گئے۔
مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی نے حادثے کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو زخمیوں کو ضروری طبی سہولتیں فراہم کرنے اور حادثے کی وجوہات کی تحقیقات تیز کرنے کی ہدایت بھی کی۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی 70 سے زائد ایمبولینسیں جائے وقوع پر پہنچیں۔ امدادی ٹیموں نے ڈبوں میں پھنسے مسافروں کو نکالا اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا۔ حکام کے مطابق 70 سے زائد زخمیوں کو طبی امداد کے بعد اسپتالوں سے فارغ کردیا گیا، جبکہ ہلاکتوں کی حتمی تعداد معلوم کرنے کا عمل جاری ہے۔
مقامی رہائشی ایمن جمال کے مطابق حادثے کے بعد قریبی آبادی کے لوگ فوری طور پر جائے وقوع پر پہنچے اور مسافروں کو نکالنے میں مدد کی۔
ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے تقریباً 80 زخمیوں کو ایمبولینسوں کے ذریعے اسپتال منتقل ہوتے دیکھا۔ بعض مسافر کھڑی ٹرین کے ایک ڈبے میں پھنسے ہوئے تھے، جنہیں نکالا گیا تو وہ ہلاک ہوچکے تھے۔
ادھر وزیراعظم مصطفیٰ مدبولی نے بھی متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا اور کہا کہ زخمیوں کو ہر ممکن طبی سہولت فراہم کی جائے گی۔ مصر کی وزارت صحت نے قریبی اسپتالوں کو ہائی الرٹ کردیا ہے۔
مصر کے چیف پراسیکیوٹر کے دفتر کے مطابق تفتیشی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئی ہیں اور تصادم کی وجوہات معلوم کرنے کے لیے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔