
اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ٹرمینل لاؤنج میں گھسنے والے بندر کو زندہ پکڑنے کے بجائے ہلاک کردیا گیا، جس کے بعد وائلڈ لائف عملے کی کارروائی پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔
ذرائع کے مطابق بندر کو پکڑنے کے لیے طلب کیے گئے عملے نے ٹریپ استعمال نہیں کیا، جبکہ واقعے کے بعد بندر کی ہلاکت کی فوٹیج بھی سامنے آگئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بندر کی موجودگی کے دوران ٹرمینل لاؤنج میں موجود مسافر اس کی اچھل کود اور مٹرگشت سے محظوظ ہوتے رہے۔ بندر کبھی ٹرمینل کی چھت پر تو کبھی لاؤنج کی سیلنگ پر گھومتا دکھائی دیا، جس کی مسافروں نے اپنے موبائل فونز سے ویڈیوز بھی بنائیں۔
بندر کی موجودگی کی اطلاع ملنے پر وائلڈ لائف عملے کو طلب کیا گیا تھا تاکہ اسے بحفاظت پکڑا جاسکے، تاہم ذرائع کے مطابق عملے نے اسے زندہ پکڑنے کے لیے ٹریپ استعمال نہیں کیا اور بالآخر بندر کو ہلاک کردیا گیا۔
واقعے کے بعد بندر کی ہلاکت سے متعلق فوٹیج بھی سامنے آگئی ہے، جس کے بعد یہ سوالات اٹھ رہے ہیں کہ بندر کو زندہ پکڑنے کے لیے متبادل طریقے کیوں اختیار نہیں کیے گئے اور وائلڈ لائف عملے نے اسے ہلاک کرنے کا فیصلہ کیوں کیا۔
واضح رہے کہ اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ٹرمینل میں بندر اچانک داخل ہوگیا تھا، جسے دیکھ کر مسافر حیران رہ گئے تھے۔ بندر کی ٹرمینل میں موجودگی کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر بھی سامنے آئی تھیں۔