
آئرلینڈ میں سرکاری نشریاتی ادارے ’آر ٹی ای‘ سمیت دیگر اہم میڈیا گروپس کے دفاتر کو جمعے کے روز بم کی دھمکیوں کے بعد ہنگامی طور پر خالی کرا لیا گیا۔ بعد ازاں تلاشی کے بعد حکام نے ان دھمکیوں کو افواہ قرار دیا ہے۔ گزشتہ روز اسی قسم کی افواہوں کے بعد یورپ میں متعدد پروازوں کو متبادل ایئرپورٹس پر لینڈ کرنا پڑا تھا۔
جمعے کے روز بم سے اڑانے کی دھمکی موصول ہونے کے بعد آئرلینڈ میں سرکاری ٹیلی ویژن اور ریڈیو اسٹیشن ’آر ٹی ای سمیت دیگر میڈیا اداروں کے دارالحکومت ڈبلن میں واقع دفاتر کو فوری طور پر خالی کرا لیا گیا تھا۔
آئرش ریڈیو نے دھمکیوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حکام نے عمارتوں کی تلاشی لینے کے بعد ان دھمکیوں کو افواہ قرار دیا ہے جس کے بعد عملے کو عمارت میں داخلے کی اجازت اور نشریات بحال کر دی گئی ہیں۔
برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق سرکاری ریڈیو کے ایک رپورٹر نے بتایا کہ ادارے کو مقامی وقت کے مطابق صبح 9 بجے ای میل کے ذریعے 45 منٹ کے اندر عمارت میں بم دھماکے کی دھمکی موصول ہوئی تھی۔
آئرلینڈ کے سرکاری ریڈیو پر نشر ہونے والے ایک پروگرام کے میزبان نے بتایا کہ یہ ای میل مبینہ طور پر اسی نامعلوم گروہ کی جانب سے بھیجی گئی تھی جس نے جمعرات کو یورپ بھر میں مسافر طیاروں کو بم سے اڑانے کی دھمکیاں دی تھیں، جس کے بعد یورپ بھر میں فضائی نظام متاثر ہوا تھا۔