
پاکستان میں مسلسل 2 روز اضافے کے بعد سونے کی قیمتوں میں بڑی کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے بعد فی تولہ سونا 6500 روپے اور 10 گرام سونا 5573 روپے سستا ہوگیا ہے۔
جمعے کے روز بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں کمی کے بعد پاکستان کی صرافہ مارکیٹ میں بھی سونا اور چاندی سستے ہوگئے ہیں۔
آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق آج کاروباری ہفتے کے پانچویں روز ملک بھر میں 24 قیراط فی تولہ سونے کی قیمت میں 6 ہزار 500 روپے کی بڑی کمی ہوئی ہے، جس کے بعد فی تولہ سونے کی نئی قیمت 4 لاکھ 29 ہزار 136 روپے ہوگئی ہے۔
اسی طرح مقامی سطح پر 10 گرام سونے کی قیمت میں 5 ہزار 573 روپے کی کمی ہوئی ہے، جس کے بعد 10 گرام سونے کی نئی قیمت 3 لاکھ 67 ہزار 914 روپے ہوگئی۔
دوسری جانب بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں 65 ڈالر کی کمی ہوئی ہے، جس کے بعد فی اونس سونا 4 ہزار 066 ڈالر کی سطح پر پہنچ گیا۔
ملک بھر میں سونے کے ساتھ چاندی کی قیمتوں میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، مقامی مارکیٹ میں 24 قیراط چاندی کی فی تولہ قیمت 85 روپے کم ہو کر 5 ہزار 678 روپے ہوگئی جب کہ 10 گرام چاندی کی قیمت 73 روپے کمی کے بعد 4 ہزار 867 روپے پر آگئی۔ اس کے علاوہ عالمی مارکیٹ میں چاندی کی فی اونس قیمت 85 سینٹس کی کمی سے 52 ڈالر کی سطح پر آگئی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز 05 نومبر کو بھی پاکستان میں فی تولہ سونا 8 ہزار 230 روپے اور 10 گرام سونا 9 ہزار 600 روپے مہنگا ہوا تھا، جس کے بعد فی تولہ سونے کی نئی قیمت 4 لاکھ 35 ہزار 636 روپے جب کہ 10 گرام سونے کی نئی قیمت 3 لاکھ 73 ہزار 487 روپے ہوگئی تھی۔
4 نومبر کو ملکی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 13 ہزار 900 روپے اور 10 گرام سونے کی قیمت میں 11 ہزار917 روپے کا اضافہ ہوا تھا، جس کے بعد فی تولہ سونے کی قیمت 4 لاکھ 26 ہزار 036 روپے اور 10 گرام سونے کی قیمت 3 لاکھ 65 ہزار 257 روپے ہوگئی تھی۔
اس سے قبل 3 نومبر کو ملک بھر کی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی قیمتوں میں مسلسل اتار چڑھاؤ کے بعد استحکام ریکارڈ کیا گیا تھا اور قیمتوں میں کوئی رد و بدل نہیں ہوا تھا۔
2 نومبر کو بھی گزشتہ روز فی تولہ سونا 2 ہزار 400 روپے مہنگا ہوکر 4 لاکھ 12 ہزار 136 روپے جب کہ 10 گرام سونا 2 ہزار 58 روپے اضافے سے 3 لاکھ 53 ہزار 340 روپے کا ہوگیا تھا۔
واضح رہے کہ عالمی اور ملکی سطح پر مختلف عوامل سونے کی قیمتوں پر اثرانداز ہوتے ہیں، ان عوامل میں امریکی ڈالر کی قدر میں تبدیلی، عالمی معاشی صورت حال میں غیر یقینی، جغرافیائی کشیدگی اور سرمایہ کاروں کا رجحان شامل ہے۔
عالمی سطح پر معاشی اور سیاسی غیر یقینی کے دوران سرمایہ کار سونے کو محفوظ سرمایہ کاری سمجھتے ہیں۔ ایسے حالات میں سونے کی طلب بڑھنے سے اس کی عالمی قیمت میں اضافہ ہو سکتا ہے جب کہ غیر یقینی صورتحال میں کمی قیمتوں پر دباؤ ڈال سکتی ہے۔
پاکستان میں عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت کے علاوہ روپے اور امریکی ڈالر کا شرح تبادلہ بھی مقامی صرافہ مارکیٹ میں سونے کی قیمت کے تعین میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔