
پرتگال کے عظیم اور نامور فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو نے انٹرنیشنل فٹ بال سے ریٹائرمنٹ کا باضابطہ اعلان کر کے دنیا بھر میں موجود اپنے کروڑوں مداحوں کو دلبرداشتہ کر دیا ہے۔
41 سالہ سپر اسٹار نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ایک جذباتی الوداعی ویڈیو پیغام کے ذریعے 23 سالہ شاندار اور یادگار انٹرنیشنل کیریئر کے خاتمے کا اعلان کیا۔
انہوں نے اپنے مشہور شرٹ نمبر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا، ”وہ دن آ گیا ہے جب میں اپنی قومی ٹیم کی 7 نمبر کی شرٹ واپس لوٹا رہا ہوں۔“
انہوں نے مزید کہا، ”میں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ یہ صرف میری ملکیت ہے۔ لیکن 23 سالوں تک، مجھے اسے پہننے کا اعزاز اور ذمہ داری حاصل رہی۔“
View this post on Instagram
پانچ بار بیلن ڈی اور کا اعزاز حاصل کرنے والے رونالڈو کا یہ فیصلہ پرتگال کے ہیڈ کوچ کے ساتھ حالیہ اختلافات اور اکتوبر کے بین الاقوامی میچز کے دوران کھیلنے کے وقت پر پیدا ہونے والے تنازع کے بعد سامنے آیا ہے۔
اگرچہ وہ نومبر کے میچز کی ابتدائی ٹیم میں شامل تھے، لیکن حتمی اسکواڈ کے اعلان سے ٹھیک ایک دن پہلے انہوں نے قومی ٹیم سے الگ ہونے کا حتمی فیصلہ کر لیا۔
کرسٹیانو رونالڈو نے 2003 میں اپنے بین الاقوامی کیریئر کا آغاز کیا اور اپنی قیادت میں پرتگال کو یورپین چیمپئن شپ 2016 کے علاوہ 2019 اور 2025 میں یوئیفا نیشنز لیگ کے اہم ٹائٹلز جتوائے۔
وہ مردوں کے بین الاقوامی فٹ بال کی تاریخ میں سب سے زیادہ 234 میچز کھیلنے اور سب سے زیادہ 146 گول کرنے کا عالمی ریکارڈ اپنے نام رکھتے ہوئے رخصت ہوئے ہیں۔ تاہم، قومی ٹیم سے ریٹائرمنٹ کے باوجود وہ النصر کلپ کے لیے اپنا کلب فٹ بال کھیلنا جاری رکھیں گے۔