ری پبلکنز کی انتخابی شکست کے بعد مالیاتی بازاروں میں تیزی، بٹ کوائن اور سونا مہنگا

امریکا میں وسط مدتی انتخابات میں ری پبلکن پارٹی کی شکست کے بعد عالمی مالیاتی بازاروں میں مثبت رجحان دیکھا جا رہا ہے، بٹ کوائن اور سونے کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

عالمی مارکیٹ میں بٹ کوائن کی قیمت میں 3 فیصد سے زائد اضافہ ہوا، جس کے بعد اس کی قیمت 2 ہزار 700 ڈالر بڑھ کر 80 ہزار 400 ڈالر سے تجاوز کرگئی۔

اسی طرح عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت بھی 72 ڈالر اضافے کے بعد 4 ہزار 133 ڈالر فی اونس پر پہنچ گئی، سونے کی قیمت میں تقریباً 2 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

مالیاتی خبر رساں ادارے بلاک بیٹس کے مطابق امریکی اسٹاک مارکیٹ کے اہم انڈیکسز کے فیوچرز میں بہتری آئی۔ نیسڈیک 100 فیوچرز کی گراوٹ 2.2 فیصد سے کم ہوکر 0.4 فیصد رہ گئی، جبکہ ایس اینڈ پی 500 فیوچرز میں 0.43 فیصد اور ڈاؤ فیوچرز میں 0.24 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔

کرپٹو کرنسی مارکیٹ میں بھی بحالی دیکھی گئی۔ بٹ کوائن کی قیمت دوبارہ 78 ہزار ڈالر سے تجاوز کرگئی اور 78 ہزار 6 ڈالر پر ٹریڈ ہوتی رہی، جبکہ ایتھیریم کی قیمت بھی 2 ہزار 300 ڈالر کی سطح عبور کرکے 2 ہزار 301 ڈالر پر پہنچ گئی۔

ایشیا کی مارکیٹوں میں بھی تیزی کا رجحان رہا۔ ہانگ کانگ کا ہینگ سینگ ٹیک انڈیکس دوپہر کے وقت مثبت زون میں آگیا، جبکہ ہینگ سینگ انڈیکس میں 0.81 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ جنوبی کوریا کا کوسپی انڈیکس بھی دن کے دوران ہونے والی 4 فیصد تک کی گراوٹ سے نکل کر مثبت زون میں آگیا۔

چین کی اسٹاک مارکیٹ میں بھی نمایاں تیزی دیکھی گئی۔ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی 50 انڈیکس 5 فیصد سے زائد بڑھ گیا، جبکہ چی نیکسٹ انڈیکس میں 4 فیصد سے زیادہ اضافہ ہوا۔ سیمی کنڈکٹر کے شعبے سے منسلک بعض فنڈز کی قیمتوں میں 10 فیصد سے زائد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں بھی تیزی آئی اور اس کی فی اونس قیمت 3 ہزار 970 ڈالر سے تجاوز کرگئی، جبکہ دن کے دوران قیمت میں ایک فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ چاندی کی قیمت بھی 2 فیصد سے زائد بڑھ کر 50.79 ڈالر فی اونس ہوگئی۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles