'ڈیموکریٹس کو ضرورت سے زیادہ کوریج دی'؛ صدر ٹرمپ فاکس نیوز پر برہم

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وسط مدتی انتخابات کے روز قدامت پسند ٹی وی چینل فاکس نیوز کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ چینل ان کے خلاف ہو گیا ہے اور ڈیموکریٹس کو ضرورت سے زیادہ کوریج دے رہا ہے جس کی وجہ سے اس کے اپنے ناظرین اسے ناپسند کرنے لگے ہیں۔

ٹرمپ نے منگل کو اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل‘ پر لکھا کہ فاکس نیوز کی ریٹنگز میں 27 فیصد کمی آئی ہے اور اس کے ناظرین کی تعداد مزید گر سکتی ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایسا اس لیے ہوا ہے کہ کیوں فاکس نیوز اب ڈیموکریٹس کی کوریج پر بہت زیادہ وقت صرف کر رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’جو لوگ پہلے فاکس نیوز دیکھا کرتے تھے اور اب نہیں دیکھتے، وہ سمجھتے ہیں کہ قصور ان کا ہے، میرا نہیں۔‘

صدر ٹرمپ نے اپنی مقبولیت میں کمی کے تاثر کو مسترد کرتے ہوئے سی این این کے ایک سروے کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ’ری پبلکن ووٹروں میں ان کی مقبولیت 99 فیصد ہے، جبکہ ری پبلکن صدور کے درمیان ان کی شرحِ مقبولیت 53 فیصد ہے۔‘

ان کے مطابق سابق امریکی صدر رونالڈ ریگن کی شرح 18 فیصد اور ابراہم لنکن کی 8 فیصد تھی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ فاکس نیوز کی ریٹنگز میں مزید کمی آئے گی اور ایسا اس لیے ہوگا کیوں کہ وہ میرے خلاف ہیں۔ پہلے بھی فاکس نیوز تقریباً تباہی کے دہانے پہنچ چکا تھا۔ اب دوبارہ ایسا ہی ہو رہا ہے۔‘

اس سے قبل صدر ٹرمپ نے فاکس نیوز کی انتخابی کوریج پر چینل کی تجزیہ کار اور پروگرام ’دی فائیو‘ کی شریک میزبان جیسیکا ٹارلوف کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

انہوں نے ان کی آواز پر اعتراض کرتے ہوئے کہا تھا ’میں جیسیکا ٹارلوف کی آواز برداشت نہیں کر سکتا، وہ انتہائی بے وقوف ہیں، لیکن مجھے سب سے زیادہ ان کی آواز تنگ کرتی ہے۔‘

ٹرمپ نے مزید کہا تھا کہ جب تک وہ نشریات سے نہیں ہٹتیں، وہ کوئی دوسرا چینل دیکھیں گے اور بعد میں فوکس نیوز کی طرف واپس آئیں گے۔

صدر کی جانب سے فاکس نیوز پر مسلسل تنقید ایسے وقت سامنے آئی ہے جب وسط مدتی انتخابات کے اب تک کے نتائج میں ڈیموکریٹ کی کامیابی کا رجحان سامنے آرہا ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles