
وفاقی حکومت نے اگلے ایک روز کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کرتے ہوئے پیٹرول سستا اور ہائی اسپیڈ ڈیزل مہنگا کردیا ہے۔
وزارت پیٹرولیم ڈویژن نے 04 نومبر کے لیے پیٹرول اور ڈیزل کی نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ آئل اینڈ گیس ریگیولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے وفاقی حکومت کے جاری کردہ طریقہ کار کی بنیاد پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد وبدل کیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 5 روپے 45 پیسے کی کمی کی گئی ہے، جس کے بعد پیٹرول کی قیمت 374 روپے 51 پیسے سے کم ہو کر 369 روپے 06 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔
اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 3 روپے 68 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے، اس اضافے کے بعد ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 495 روپے 20 پیسے بڑھ کر 398 روپے 88 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔
پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے سے اگلے ایک دن 04 نومبر 2026 تک کے لیے ہوگیا۔
پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق اعلان کردہ قیمتیں عالمی مارکیٹ میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں سے منسلک ہیں۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ عالمی مارکیٹ میں تبدیلیوں، پلاٹس ریٹس، پریمیم اور دیگر اخراجات کو مدنظر رکھتے ہوئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ 17 جولائی سے اب تک پیٹرول کی قیمت میں مجموعی طور پر 32 مرتبہ کمی اور 39 مرتبہ اضافہ کیا گیا ہے وہی ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں اس عرصے کے دوران 27 مرتبہ کمی ہوئی اور 46 مرتبہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
گزشتہ روز 03 نومبر کو حکومت نے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 3 روپے 40 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 7 روپے 76 پیسے کی کمی تھی، جس کے بعد پیٹرول کی قیمت 374 روپے 51 پیسے فی لیٹر اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 395 روپے 20 پیسے فی لیٹر ہوگئی تھی۔
اس سے قبل گزشتہ ہفتے کے آخری روز 30 اکتوبر کو حکومت نے اگلے 3 دن کے لیے 31 اکتوبر سے 2 نومبر تک پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا اعلان کرتے ہوئے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں کوئی رد و بدل نہیں کیا تھا اور پیٹرول کی قیمت 377 روپے 91 پیسے فی لیٹر برقرار رکھی تھی جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 2 روپے 29 پیسے اضافہ کیا گیا تھا، جس کے بعد ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 402 روپے 96 پیسے ہوگئی تھی۔
واضح رہے کہ مشرق وسطیٰ بحران کے باعث حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا روزانہ کی بنیاد پر تعین کیا جاتا ہے تاہم ہفتہ اور اتوار کو قیمتیں برقرار رہتی ہیں۔
مسلسل مہنگے ایندھن کے اثرات کم کرنے کے لیے 13 ستمبر کو وزیراعظم شہباز شریف نے موٹرسائیکل، رکشہ، چنگچی اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے صارفین کے لیے فی لیٹر پیٹرول پر 100 روپے ریلیف دینے کا اعلان بھی کیا تھا۔