
پاکستان نے دفاعی شعبے میں ایک اور اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے مقامی طور پر تیار کردہ فضا سے فضا میں مار کرنے والے پہلے ’فاز‘ میزائل کا کامیاب تجربہ کر لیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستان نے مقامی طور پر تیار کردہ فضا سے فضا میں مار کرنے والے پہلے ’فاز‘ میزائل کا کامیاب فلائٹ ٹیسٹ کیا ہے، یہ کامیاب تجربہ قومی ایرو اسپیس اور دفاعی صلاحیتوں میں اضافے کی جانب ایک اور اہم سنگِ میل ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فَاز میزائل جدید ترین ’ٹرمینل گائیڈنس سسٹم‘ سے لیس ہے، جو دشمن کے فضائی اہداف کو طویل فاصلے سے نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ’فاز‘ میزائل پاک فضائیہ کی آپریشنل صلاحیت میں نمایاں اضافہ کرے گا اور ملک کے مجموعی دفاعی نظام کو مزید مستحکم بنائے گا، یہ کامیاب تجربہ پاکستان کی دفاعی صنعت کی تکنیکی صلاحیت، جدت اور خود انحصاری کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
میزائل کے کامیاب تجربے کے موقع پر مسلح افواج کے اعلیٰ افسران کے ساتھ ساتھ وہ ممتاز سائنسدان اور انجینئرز بھی موجود تھے، جنہوں نے اس جدید ہتھیاروں کے نظام کی تیاری میں کلیدی کردار ادا کیا۔
اس موقع پر صدرِ مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر اور مسلح افواج کے سربراہان نے اس شاندار کامیابی پر سائنسدانوں اور انجینئرز کو مبارکباد پیش کی۔
وزیر داخلہ کی فاذ میزائل کے کامیاب تجربے پر قوم کو مبارکباد
دوسری جانب وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے فضا سے فضا تک مار کرنے والے فاذ میزائل کے کامیاب تجربے پر قوم کو مبارکباد پیش کی ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ ہمارے سائنسدانوں اور انجینئرز نے ایک بار پھر قابل فخر کارنامہ انجام دیا ہے، مقامی طور پر تیار کردہ فاذ میزائل کا کامیاب تجربہ دفاعی شعبے میں اہم پیش رفت ہے، پاکستان کے مایہ ناز سائنسدانوں اور انجینئرز پر ہم سب کو فخر ہے۔