
پاکستان نے دفاعی اور فضائی صلاحیتوں میں ایک اور اہم سنگ میل عبور کرلیا ہے اور مقامی طور پر تیار کردہ فضا سے فضا میں مار کرنے والے پہلے ’فاز‘ میزائل کا کامیاب تجربہ کر لیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستان نے مقامی طور پر تیار کردہ فضا سے فضا میں مار کرنے والے پہلے ’فاز‘ میزائل کا کامیاب فلائٹ ٹیسٹ کیا ہے، یہ پیش رفت قومی ایرو اسپیس اور دفاعی صلاحیتوں میں اضافے کی جانب ایک اور اہم سنگِ میل ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فَاز میزائل جدید ترین ’ٹرمینل گائیڈنس سسٹم‘ سے لیس ہے، فاز میزائل طویل فاصلے تک دشمن کے فضائی اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ’فاز‘ میزائل پاک فضائیہ کی آپریشنل صلاحیت میں نمایاں اضافہ کرے گا اور ملک کے مجموعی دفاعی نظام کو مزید مستحکم بنائے گا، یہ کامیاب تجربہ پاکستان کی دفاعی صنعت کی تکنیکی صلاحیت، جدت اور خود انحصاری کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
میزائل کے کامیاب تجربے کے موقع پر مسلح افواج کے اعلیٰ افسران کے ساتھ ساتھ وہ ممتاز سائنسدان اور انجینئرز بھی موجود تھے، جنہوں نے اس جدید ہتھیاروں کے نظام کی تیاری میں کلیدی کردار ادا کیا۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر اور مسلح افواج کے سربراہان نے اس شاندار کامیابی پر سائنسدانوں اور انجینئرز کو مبارکباد پیش کی۔