’’کیا یہ واقعی احسن خان کی آواز ہے؟‘‘ گلوکاری کی ویڈیو پر صارفین حیران
احسن خان نے ثانیہ سعید کے ساتھ ’جب تو یاد آئے‘ گا کر محفل لوٹ لی
پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار احسن خان نے اداکاری کے ساتھ گلوکاری کے میدان میں بھی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرکے مداحوں کی توجہ حاصل کرلی۔
امریکی شہر ہیوسٹن میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران احسن خان نے اداکارہ ثانیہ سعید کے ہمراہ ڈرامہ سیریل ’آپ کی عزت‘ کا مقبول گانا ’جب تو یاد آئے‘ گایا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو میں دونوں فنکاروں کو ڈرامے کے اوریجنل ساؤنڈ ٹریک پر پرفارم کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ اس گانے کا اصل ورژن معروف گلوکار علی ظفر نے گایا ہے جبکہ اس کے بول حسن بادشاہ نے تحریر کیے ہیں۔
احسن خان کی لائیو پرفارمنس سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ان کی گلوکاری پر مختلف تبصرے کیے جا رہے ہیں۔ بعض صارفین نے اداکار کی آواز کو سراہتے ہوئے ان کی پرفارمنس کو خوبصورت قرار دیا۔
ایک صارف نے تبصرہ کیا کہ احسن خان نے گانا بہت خوبصورتی سے گایا جبکہ ایک دوسرے صارف نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے سوال کیا کہ کیا یہ واقعی احسن خان کی اپنی آواز ہے؟
اداکار کی اس پرفارمنس نے سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی ہے جہاں مداح ان کی گلوکاری کی صلاحیتوں پر اپنی رائے کا اظہار کر رہے ہیں۔