
نیشنل سائبر کی جانب سے سائبر سیکیورٹی کے حوالے سے جاری ایڈوائزری میں تھرڈ پارٹی وینڈرز اور سپلائرز کو اداروں کے سائبر سیکیورٹی نظام کے لیے بڑا خطرہ قرار دیتے ہوئے خبردار کیا گیا ہے کہ بیرونی کمپنیوں کی خدمات، کلاؤڈ سروسز اور سافٹ ویئر کا استعمال اداروں کے نظام میں کمزوریوں کا سبب بن سکتا ہے۔
ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ تھرڈ پارٹی وینڈرز اور سپلائرز کے ذریعے سائبر حملوں کے خطرات موجود ہیں، اس لیے اداروں کو بیرونی سروس فراہم کرنے والوں کو اپنے غیر ضروری سسٹمز اور حساس ڈیٹا تک رسائی دینے سے گریز کرنا چاہیے۔ اس حوالے سے اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے ڈیجیٹل نظام کی حفاظت کے لیے بیرونی کمپنیوں کی رسائی محدود رکھیں اور ان کی سرگرمیوں کی باقاعدہ نگرانی کریں۔
نیشنل سائبر کی ایڈوائزری کے مطابق سائبر خطرات سے بچاؤ کے لیے تھرڈ پارٹی وینڈرز اور سپلائرز کی سیکیورٹی جانچ ضروری ہے۔ اداروں کو چاہیے کہ کسی بھی بیرونی کمپنی کی خدمات حاصل کرنے سے پہلے اس کے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیں تاکہ ممکنہ کمزوریوں کی نشاندہی کرکے سائبر حملوں کے خطرات کو کم کیا جا سکے۔
ایڈوائزری میں تھرڈ پارٹی ایپلی کیشنز اور سافٹ ویئر اپ ڈیٹس کی سیکیورٹی یقینی بنانے پر بھی زور دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ کلاؤڈ سروسز اور بیرونی سافٹ ویئر کے استعمال کے دوران خصوصی احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے، کیونکہ ان کے ذریعے اداروں کے نظام میں موجود سیکیورٹی خامیوں سے فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔
حساس معلومات کے تحفظ کے لیے بیرونی اداروں کے ساتھ ڈیٹا شیئرنگ میں احتیاط برتنے کی سفارش کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ وینڈرز کو صرف اتنی ہی معلومات اور سسٹمز تک رسائی دی جائے جو ان کی خدمات کی فراہمی کے لیے ضروری ہوں۔ غیر ضروری ڈیٹا اور نظام تک رسائی محدود رکھنے سے حساس معلومات کے غلط استعمال اور سائبر حملوں کے ممکنہ خطرات کم کیے جا سکتے ہیں۔
ایڈوائزری میں اداروں کو سائبر حملوں کی بروقت نشاندہی اور ان سے نمٹنے کے لیے مؤثر نظام قائم کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔ اس مقصد کے لیے سائبر سیکیورٹی سے متعلق واقعات کی فوری رپورٹنگ اور حملوں کے خلاف مؤثر ردعمل کا طریقہ کار اپنانے پر زور دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کی صورت میں بروقت اقدامات کیے جا سکیں۔
نیشنل سائبر کی ایڈوائزری کے مطابق اداروں کے ڈیجیٹل نظام کو محفوظ بنانے کے لیے قابل اعتماد شراکت داروں کا انتخاب، بیرونی سروس فراہم کرنے والوں کی نگرانی اور سیکیورٹی کے مؤثر اقدامات ضروری ہیں۔ اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تھرڈ پارٹی وینڈرز اور سپلائرز سے وابستہ خطرات کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے اپنے ڈیٹا اور سسٹمز کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔