
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سہ ملکی ون ڈے سیریز کے بقیہ میچز کے لیے اوپننگ بیٹر صائم ایوب کو قومی اسکواڈ سے ریلیز کردیا ہے، جبکہ ان کی جگہ ٹی ٹوئنٹی کپتان صاحبزادہ فرحان کو ون ڈے اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی نے کہا ہے کہ صائم ایوب نے بیٹنگ فارم بہتر بنانے اور اعتماد بحال کرنے کے لیے ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی درخواست کی تھی، جسے بورڈ نے منظور کرلیا ہے۔
قومی ٹیم کی مینجمنٹ اور سلیکشن کمیٹی نے بھی ان کے فیصلے کا احترام کیا ہے۔
صائم ایوب سہ ملکی ون ڈے سیریز کے ابتدائی تین میچز میں صرف 21 رنز بنا سکے، جس کے بعد انہیں بقیہ مقابلوں کے لیے اسکواڈ سے ریلیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
دوسری جانب سہ ملکی ون ڈے سیریز کا پانچواں میچ کل پاکستان اور سری لنکا کے درمیان لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سہ ملکی ون ڈے سیریز کے چوتھے میچ میں شاداب خان کی شاندار سنچری کی بدولت پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد انگلینڈ کو ایک وکٹ سے شکست دے کر سیریز کے فائنل میں جگہ بنالی ہے۔