
ایرانی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے جنوبی ساحلی شہر بندر عباس کے اوپر امریکی فوج کا ’لوکاس‘ ڈرون مار گرایا ہے۔
ایران کے سرکاری ٹی وی کے مطابق اتوار کے روز بندر عباس پر پرواز کرنے والے امریکی ڈرون کو ملک کے مربوط فضائی دفاعی نیٹ ورک کے تحت متحرک فضائی دفاعی نظام نے نشانہ بنا کر تباہ کیا۔
امریکا کا ‘لوکاس‘ ڈرون خودکش ڈرون ہے۔ بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس کا ڈیزائن ایرانی ساختہ شاہد ڈرون کی ٹیکنالوجی سے متاثر ہو کر تیار کیا گیا تھا۔
ایران کا یہ دعویٰ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب تہران اور واشنگٹن کے درمیان شدید تناؤ دیکھا جا رہا ہے۔ یہ کارروائی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس بیان کے چند گھنٹوں بعد رپورٹ ہوئی ہے جس میں انہوں نے ایران کے خلاف ممکنہ فوجی کارروائی کے اشارے دیے تھے۔
ایران حال ہی میں آبنائے ہرمز کے قریب کئی امریکی ڈرونز کو نشانہ بنا چکا ہے جس میں سمندری ڈرونز شامل ہیں۔ فضائی ڈرون مار گرائے جانے کا واقعہ حالیہ ہفتوں میں ایسے ہی ڈرونز کو روکنے کے واقعات کے سلسلے کی تازہ کڑی ہے۔