
پاکستان میں سونے کی قیمتوں میں مسلسل تیسرے روز بھی کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے بعد فی تولہ اور 10 گرام سونے کے نرخ مزید نیچے آگئے ہیں۔
بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے اور چاندی کی کی قیمتوں میں کمی کے بعد پاکستان کی صرافہ مارکیٹ میں جمعرات کے روز بھی سونے اور چاندی کی قیمتوں میں دیکھنے میں آئی ہے۔
آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق آج کاروباری ہفتے کے تیسرے روز ملک بھر میں 24 قیراط فی تولہ سونے کی قیمت میں 3000 روپے کی کمی ہوئی ہے، جس کے نتیجے میں نئی قیمت 4 لاکھ 31 ہزار 536 روپے فی تولہ کی سطح پر آگئی۔
اسی طرح مقامی سطح پر 10 گرام 24 قیراط سونا 2572 روپے سستا ہوکر 3 لاکھ 69 ہزار 972 روپے کا ہوگیا جب کہ 10 گرام 22 قیراط سونے کی قیمت 2358 روپے کمی کے بعد 3 لاکھ 39 ہزار 153 روپے ریکارڈ کی گئی۔
بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں 30 ڈالر فی اونس کی کمی ریکارڈ ہوئی، جس کے نتیجے میں نئی عالمی قیمت 4090 ڈالر فی اونس کی سطح پر آ گئی۔
دوسری جانب سونے کی قیمتوں کے ساتھ ہی مقامی مارکیٹ میں فی تولہ چاندی کی قیمت بھی 121 روپے کی کمی سے 6086 روپے اور فی 10 گرام چاندی کی قیمت بھی 104 روپے کی کمی سے 5217 روپے کی سطح پر آگئی جب کہ عالمی مارکیٹ میں چاندی کی فی اونس قیمت بھی ایک ڈالر 21 سینٹ کم ہوکر 56 ڈالر 8 سینٹ ہوگئی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی ملکی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 900 روپے اور 10 گرام سونے کی قیمت میں 772 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی تھی، جس کے بعد فی تولہ سونے کی قیمت 4 لاکھ 34 ہزار 536 روپے اور 10 گرام سونے کی قیمت 3 لاکھ 72 ہزار 544 روپے ہوگئی تھی۔
واضح رہے کہ عالمی اور ملکی سطح پر مختلف عوامل سونے کی قیمتوں پر اثرانداز ہوتے ہیں، ان عوامل میں امریکی ڈالر کی قدر میں تبدیلی، عالمی معاشی صورت حال میں غیر یقینی، جغرافیائی کشیدگی اور سرمایہ کاروں کا رجحان شامل ہے۔
عالمی سطح پر معاشی اور سیاسی غیر یقینی کے دوران سرمایہ کار سونے کو محفوظ سرمایہ کاری سمجھتے ہیں۔ ایسے حالات میں سونے کی طلب بڑھنے سے اس کی عالمی قیمت میں اضافہ ہو سکتا ہے جبکہ غیر یقینی صورتحال میں کمی قیمتوں پر دباؤ ڈال سکتی ہے۔
پاکستان میں عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت کے علاوہ روپے اور امریکی ڈالر کا شرح تبادلہ بھی مقامی صرافہ مارکیٹ میں سونے کی قیمت کے تعین میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔