
سہ ملکی ون ڈے سیریز کے تیسرے میچ میں انگلینڈ نے کپتان ہیری بروک کی دھواں دھار ڈبل سنچری کی بدولت سری لنکا کو جیت کے لیے 430 رنز کا بڑا ہدف دے دیا ہے۔
جمعرات کو راولپنڈی میں کھیلے جارہے سہ ملکی ون ڈے سیریز کے تیسرے میچ میں سری لنکا کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے انگلینڈ نے مقررہ 50 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 429 رنز بنائے۔
انگلینڈ کی بیٹنگ
انگلینڈ کے کپتان ہیری بروک نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 116 گیندوں پر 202 رنز کی اننگز کھیلی، جس میں 21 چوکے اور 10 چھکے شامل تھے۔ انہوں نے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے سری لنکن بولرز کو دباؤ میں رکھا۔
ول جیکس نے بھی دھواں دار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور صرف 30 گیندوں پر 66 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے، ان کی اننگز میں 8 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔
جو روٹ نے 66 گیندوں پر 69 رنز اسکور کیے، ان کی اننگز میں 8 چوکے شامل تھے جب کہ ٹام بینٹن نے 51 گیندوں پر 50 رنز بنائے اور بین ڈکٹ 29 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
انگلینڈ نے آخری اوورز میں رنز بنانے کی رفتار تیز رکھی، آخری 10 اوورز میں ٹیم نے 156 رنز اسکور کیے، جس کی بدولت انگلینڈ کا اسکور مقررہ 50 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 429 رنز تک پہنچ گیا تاہم اب سری لنکا کو میچ میں کامیابی کے لیے 50 اوورز میں 430 رنز بنانا ہوں گے۔
سری لنکا کی جانب سے ڈنتھ ویلالاگے نے 56 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں جب کہ اسیتھا فرنینڈو اور جنتھ لیاناگے نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ ایشان ملنگا نے 10 اوورز میں 91 رنز دیے جب کہ دلشان مدوشنکا نے 89 رنز دیے تاہم دونوں کوئی وکٹ حاصل نہ کرسکے۔
میچ کا ٹاس
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے سہ ملکی ون ڈے سیریز کے تیسرے میچ میں سری لنکا اور انگلینڈ کی ٹیمیں مدمقابل ہیں، جہاں سری لنکن ٹیم کے کپتان کوشل مینڈس نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
ٹاس کے بعد سری لنکن کپتان کوشل مینڈس نے کہا کہ سیریز کے ابتدائی 2 میچز میں ہدف کے تعاقب میں ناکامی کے باوجود اوس کے باعث پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سری لنکن ٹیم میں ایک تبدیلی ہوئی ہے، سچندو کولومباگے کی جگہ دونیتھ ویلالاگے کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
اس موقع پر انگلش کپتان ہیری بروک کا کہنا تھا کہ ٹاس جیت کر ہم پہلے بیٹنگ ہی کرنا چاہتے تھے۔ انگلینڈ کی ٹیم میں 2 تبدیلیاں ہوئی ہیں، سونی بیکر اور عادل رشید کی جگہ لیام ڈوسن اور جوش ٹنگ کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
راولپنڈی میں کھیلا جانے والا یہ مقابلہ ٹورنامنٹ کے لیے اہمیت کا حامل ہے، میچ میں دونوں ٹیموں کی جانب سے بہتر کارکردگی دکھانے اور سیریز میں اپنی پوزیشن مستحکم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
میچ سے قبل انگلینڈ اور سری لنکا کی ٹیموں نے راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں بھرپور پریکٹس سیشنز کیے، اس دوران کھلاڑیوں نے بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ کے شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کو بہتر بنانے پر توجہ دی اور میچ کی تیاریوں کو حتمی شکل دی۔
یاد رہے کہ سری لنکا اور انگلینڈ کو سہ ملکی ون ڈے سیریز کے اپنے پہلے پہلے میچ میں پاکستان کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا، پاکستان ٹیم پہلے میچ میں سری لنکا کو 37 اور دوسرے میچ میں انگلینڈ کو 87 رنز سے شکست دے کر اب تک ناقابل شکست ہے۔