
بلوچستان کے شہر کوئٹہ کے گنجان آباد علاقے جوائنٹ روڈ پر نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے پولیس کانسٹیبل شہید جب کہ 2 اہلکاروں سمیت 4 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
پولیس کے مطابق پیر کے روز واقعہ کوئٹہ میں سیٹلائٹ ٹاؤن کے علاقے میں پیش آیا، جہاں پولیس ناکے پر اہلکاروں نے ایک گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا تاہم گاڑی میں سوار ملزمان نے رکنے کے بجائے فائرنگ کردی۔
پولیس ترجمان کے مطابق پولیس اہلکاروں نے ملزمان کا تعاقب کیا تو انہوں نے جوائنٹ روڈ پر دوبارہ فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں کانسٹیبل نعمان شہید ہوگئے جب کہ کانسٹیبل جنید اور اہلکار خالد زخمی ہوئے۔
فائرنگ کی زد میں آکر 2 راہگیر عطا محمد اور حارث بھی زخمی ہوگئے تاہم زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا، جہاں اہلکار خالد آپریشن تھیٹر میں زیرِ علاج ہیں۔
واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا جب کہ فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔