وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کرتے ہوئے آئندہ 3 روز کے لیے پیٹرول 66 پیسے فی لیٹر سستا اور ہائی اسپیڈ ڈیزل 52 پیسے فی لیٹر مہنگا کردیا ہے۔
وزارت پیٹرولیم ڈویژن نے 10 اکتوبر سے 12 اکتوبر کے لیے پیٹرول اور ڈیزل کی نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ آئل اینڈ گیس ریگیولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے وفاقی حکومت کے جاری کردہ طریقہ کار کی بنیاد پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد وبدل کیا ہے۔
نوٹیکفیشن کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 66 پیسے کی معمولی کی گئی ہے، جس کے بعد پیٹرول کی قیمت 398 روپے 96 پیسے سے کم کر 398 روپے 30 فی لیٹر قیمت مقرر ہوگئی ہے۔

اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 52 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے، اس اضافے کے بعد ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 395 روپے 72 پیسے بڑھ کر 396 روپے 24 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔
پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے اگلے 3 دن 10 اکتوبر سے 12 اکتوبر تک کے لیے ہوگیا۔
پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق اعلان کردہ قیمتیں عالمی مارکیٹ میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں سے منسلک ہیں۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ عالمی مارکیٹ میں تبدیلیوں، پلاٹس ریٹس، پریمیم اور دیگر اخراجات کو مدنظر رکھتے ہوئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ 17 جولائی سے اب تک پیٹرول کی قیمت میں مجموعی طور پر 22 مرتبہ کمی اور 35 مرتبہ اضافہ کیا گیا ہے وہی ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں اس عرصے کے دوران 23 مرتبہ کمی ہوئی جب کہ 34 مرتبہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
گزشتہ روز 8 اکتوبر کو بھی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کرتے ہوئے پیٹرول 2 روپے 31 پیسے فی لیٹر اور ہائی اسپیڈ ڈیزل 78 پیسے فی لیٹر مہنگا کردیا تھا، جس کے بعد پیٹرولی کی نئی قیمت 398 روپے 96 فی لیٹر جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 395 روپے 72 پیسے فی لیٹر ہوگئی تھی۔
7 اکتوبر کو پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 1 روپے 82 پیسے ہوا تھا، جس کے بعد پیٹرول کی قیمت 396 روپے 65 پیسے فی لیٹر مقرر ہوگئی تھی جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 91 پیسے کی معمولی کمی ہوئی تھی، جس کے بعد ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 394 روپے 94 پیسے فی لیٹر ہوگئی تھی۔
6 اکتوبر کو بھی حکومت کی جانب سے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 1 روپے 19 پیسے کا اضافہ جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 1 روپے 91 پیسے کی کمی کی گئی تھی، جس کے بعد پیٹرول کی قیمت 394 روپے 83 پیسے فی لیٹر جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 395 روپے 85 پیسے فی لیٹر کی سطح پر پہنچ گئی تھی۔
حکومت نے 5 اکتوبر کو پیٹرول 88 پیسے فی لیٹر مہنگا کیا تھا، جس کے بعد پیٹرول کی قیمت 393 روپے 64 پیسے فی لیٹر مقرر ہوگئی تھی جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 1 روپے 88 پیسے کمی کے بعد 397 روپے 76 پیسے فی لیٹر ہوگئی تھی۔
اس سے قبل گزشتہ ہفتے کے آخری روز حکومت نے 3 دن کے لیے 3 اکتوبر سے 5 اکتوبر تک پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا تھا، جمعہ کو جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 2 روپے 10 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 30 کا اضافہ کیا گیا تھا، اضافے کے بعد پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 392 روپے76 پیسے فی لیٹر اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 399 روپے 64 پیسے ہو گئی تھی۔
واضح رہے کہ مشرق وسطیٰ بحران کے باعث حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا روزانہ کی بنیاد پر تعین کیا جاتا ہے تاہم ہفتہ اور اتوار کو قیمتیں برقرار رہتی ہیں۔
مسلسل مہنگے ایندھن کے اثرات کم کرنے کے لیے 13 ستمبر کو وزیراعظم شہباز شریف نے موٹرسائیکل، رکشہ، چنگچی اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے صارفین کے لیے فی لیٹر پیٹرول پر 100 روپے ریلیف دینے کا اعلان بھی کیا تھا۔