پہلے ٹی 20 میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر 3 میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی ہے۔
جمعے کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے پہلے ٹی 20 میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز بنائے، جس کے جواب میں پاکستان نے 183 رنز کا ہدف 19 ویں اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔
سری لنکا کی بیٹنگ
سری لنکا کی جانب سے لاہیرو اودارا نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 11 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 55 گیندوں پر 91 رنز کی اننگز کھیلی لیکن وہ سینچری بنانے میں کامیاب نہیں ہو سکے اور ان کی بیٹنگ کی بدولت سری لنکا بڑا ہدف دینے میں کامیاب ہوئے۔
اس کے علاوہ کامندو مینڈس نے 18 گیندوں پر 23 رنز اور داسن شناکا نے 15 گیندوں پر 18 رنز بنائے جب کہ دیگر 7 بلے باز ڈبل فیگرز تک بھی نہ پہنچ سکے۔
پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 36 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں جب کہ پاکستان کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے محمد عمران رندھاوا نے 21 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ اس کے علاوہ شاداب خان، صائم ایوب اور رضااللہ کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آئی۔
اس طرح سری لنکا نے اپنی اننگز کا اختتام مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز پر کیا، جس میں اضافی رنز کی تعداد 29 رہی۔ پاکستانی بولرز نے 18 وائیڈ اور ایک نو بال بھی کی جب کہ پاکستان کو میچ جیتنے کے لیے 20 اوورز میں 183 رنز درکار ہیں۔
میچ کا ٹاس
پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں تین میچوں پر مشتمل ٹی 20 سیریز کے پہلے میچ میں آج راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں مد مقابل ہیں، جہاں پاکستانی ٹیم کی قیادت صاحبزادہ فرحان کر رہے ہیں جب کہ سری لنکن ٹیم کی کپتانی کوشال مینڈس کے پاس ہے۔
سیریز کے افتتاحی مقابلے میں سری لنکا کے کپتان کوشال مینڈس نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے خود بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ٹاس کے موقع پر سری لنکن کپتان کوشال مینڈس نے کہا کہ پچ دیکھنے میں بہت اچھی لگ رہی ہے، اچھا اسکور کرنے کی کوشش کریں گے۔
پاکستانی کپتان صاحبزادہ فرحان نے کہا کہ ہم ٹاس جیت کر پہلے بولنگ ہی کرتے، پہلے بولنگ کرنے سے کنڈیشنز کا آئیڈیا ہوجائے گا، بطور کپتان کھلاڑیوں کے حوالے سے پراعتماد ہوں ، کپتان ہوں یا عام کھلاڑی،کرکٹ کوانجوائے کرتا ہوں۔
سری لنکا کے خلاف پہلے ٹی 20 انٹرنیشنل میں پاکستان کی جانب سے رضا اللہ اور عمران رندھاوا نے ڈیبیو کیا ہے، رضا اللہ کو نسیم شاہ جب کہ عمران رندھاوا کو سلمان مرزا نے کیپ دی۔
پاکستان کا اسکواڈ
پاکستانی اسکواڈ میں صاحبزادہ فرحان (کپتان)، فخر زمان، معاذ صداقت، حسن نواز، صائم ایوب، شاداب خان، خواجہ نافع، محمد عمران رندھاوا، رضا اللہ، نسیم شاہ اور ابرار احمد شامل ہیں۔
سری لنکا کا اسکواڈ
سری لنکن اسکواڈ میں کوشال مینڈس (کپتان)، لاہیرو اودارا، کامل مشارا، کمیندو مینڈس، سہان آراچیگے، داسن شناکا، دونتھ ویلالاگے، مہیش تھیکشنا، دشمنتھا چمیرا، نووان تھشارا اور ایشان ملنگا شامل ہیں۔
یاد رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان اب تک 31 ٹی 20 انٹرنیشنل میچز کھیلے جا چکے ہیں، جن میں پاکستان نے 18 اور سری لنکا نے 13 میچز میں کامیابی حاصل کی ہے۔
دونوں ٹیموں کا آخری مقابلہ رواں سال آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر ایٹ مرحلے میں ہوا تھا، جس میں پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد سری لنکا کو 5 رنز سے شکست دی تھی تاہم پاکستان میں دونوں ٹیموں کے درمیان آخری دوطرفہ ٹی 20 سیریز 2019 میں کھیلی گئی تھی، جس میں سری لنکا نے پاکستان کو 0-3 سے وائٹ واش کیا تھا۔
حالیہ فارم کی بات کی جائے تو پاکستان نے اپنے آخری 5 ٹی 20 میچز میں 3 کامیابیاں حاصل کی ہیں جب کہ سری لنکا اس عرصے میں صرف ایک میچ جیت سکا ہے۔
پاکستانی ٹیم حال ہی میں ایشین گیمز 2026 کے کرکٹ مقابلوں میں چاندی کا تمغہ جیت کر اس سیریز میں شریک ہوئی ہے، جہاں اسے فائنل میں بھارت کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی۔ دوسری جانب سری لنکا نے بنگلہ دیش کو تیسری پوزیشن کے میچ میں شکست دے کر کانسی کا تمغہ حاصل کیا تھا۔