پمز اسپتال سانحہ؛ نومولود بچوں کی اموات پر شوبز شخصیات کا غم و غصہ

پمز اسپتال سانحہ؛ نومولود بچوں کی اموات پر شوبز شخصیات کا غم و غصہ

14 نومولود بچوں کی ہلاکت پر شوبز شخصیات نے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے

اسلام آباد کے پمز اسپتال میں آتشزدگی کے نتیجے میں 14 نومولود بچوں کی المناک ہلاکت پر ملک بھر میں غم و غصے کی فضا ہے جبکہ پاکستانی شوبز شخصیات نے بھی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کے ذمہ داران کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

اداکار عثمان مختار کی اہلیہ زنیرا انعام نے نومولود بچوں کی ہلاکت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ مبینہ غفلت کے ذمہ داروں کا احتساب کب ہوگا؟

 انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ کہیں یہ سانحہ بھی چند روز بعد عوامی یادداشت سے محو نہ ہوجائے۔

سینئر اداکار محمد احمد نے بھی واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شفاف اور مکمل تحقیقات کا مطالبہ کیا اور کہا کہ سانحے کے ذمہ دار افراد کا تعین کرکے انہیں جوابدہ بنایا جانا چاہیے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام ممکن ہوسکے۔

میزبان مدیحہ نقوی نے متاثرہ خاندانوں خصوصاً ماؤں سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے ان کے لیے صبر کی دعا کی اور کہا کہ اللہ تعالیٰ غمزدہ خاندانوں کو اس ناقابلِ تلافی نقصان کو برداشت کرنے کی ہمت عطا فرمائے۔

شوبز شخصیات کی جانب سے سامنے آنے والے ردعمل میں ملکی نظام پر بھی سوالات اٹھائے گئے۔ سوشل میڈیا پر یہ مؤقف سامنے آیا کہ ایسے افسوسناک سانحات کے بعد چند روز تک مذمت اور افسوس کا اظہار کیا جاتا ہے تاہم وقت گزرنے کے ساتھ واقعات کو بھلا دیا جاتا ہے اور مؤثر اقدامات نہیں ہوپاتے۔

واضح رہے کہ بدھ کی صبح پمز کے مدر اینڈ چائلڈ ہیلتھ وارڈ کی تیسری منزل پر واقع نرسری میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جہاں نومولود بچے زیرِ علاج تھے۔

حکام کے مطابق آتشزدگی کے نتیجے میں 14 نومولود جاں بحق ہوئے جبکہ ایک بچے کو بحفاظت بچا لیا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے فوری تحقیقات اور ذمہ داران کے تعین کا حکم دے دیا ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles