
یمن کے بندرگاہی شہر المخا پر حوثیوں کے میزائل حملے میں 6 افراد ہلاک ہوگئے۔
سرکاری میڈیا کے مطابق ایرانی حمایت یافتہ حوثیوں نے بحیرہ احمر کے ساحل پر واقع المخا بندرگاہ اور ضلع کے مرکز کو میزائلوں اور بغیر پائلٹ ڈرون طیاروں سے نشانہ بنایا۔
ترک خبر رساں ایجنسی انادولو کے مطابق فوجی عہدیدار نے بتایا کہ حوثیوں نے بندرگاہی شہر المخا میں بندرگاہ پر سامان اُتارنے والے تجارتی بحری جہازوں کو نشانہ بنایا اور 5 میزائل فائر کیے۔
عہدیدار کے مطابق حملے کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک ہوئے، جن میں 2 سیکیورٹی اہلکار بھی شامل ہیں۔
میزائل حملے کے بعد بندرگاہ پر موجود 2 تجارتی بحری جہازوں میں آگ بھڑک اٹھی۔ حملے کے نتیجے میں ہونے والے جانی و مالی نقصان سے متعلق مزید تفصیلات سامنے نہیں آسکیں۔
یمنی حکومت سے وابستہ نیشنل ریزسٹنس فورسز کے ترجمان صادق دوید نے امریکی سوشل میڈیا کمپنی ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ حوثیوں نے کئی روز تک المخا پر حملے جاری رکھے۔
صادق دوید کے مطابق حوثیوں نے ان حملوں میں 40 بیلسٹک میزائل اور 46 ڈرون استعمال کیے، جبکہ دھماکا خیز مواد سے لدی کشتیوں کے ذریعے بھی حملے کیے گئے۔
انہوں نے کہا کہ حوثیوں نے المخا بندرگاہ کے علاوہ شہریوں کو ضروری سہولیات فراہم کرنے والی تنصیبات کو بھی نشانہ بنایا۔
المخا بندرگاہ بحیرہ احمر تک رسائی فراہم کرنے والی یمن کی اہم بندرگاہوں میں شمار ہوتی ہے اور اس وقت یہ یمنی حکومت سے وابستہ فورسز کے کنٹرول میں ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق حوثیوں نے گزشتہ ہفتے بھی المخا بندرگاہ اور ضلع کے مرکز کو کئی مرتبہ بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز سے نشانہ بنایا تھا۔ ان حملوں میں متعدد یمنی شہری ہلاک اور کئی دیگر زخمی ہوئے تھے۔
یمن میں حوثیوں اور حکومت کے حامی گروہوں کے درمیان جاری کشیدگی کے باعث مختلف علاقوں میں وقتاً فوقتاً حملے ہوتے رہے ہیں، جن سے عام شہری بھی متاثر ہو رہے ہیں۔