
کراچی تا خیبر پاکستان کا 79 واں جشن آزادی آج ملی جوش و جذبے کے ساتھ ملک بھر میں منایا جارہا ہے، یومِ آزادی کے دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 جب کہ چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔ مساجد میں نمازِ فجر کے بعد ملک کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔
کراچی میں مزارِ قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، جہاں پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس نے مزارِ قائد کے گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔ تقریب میں قومی جذبے سے سرشار نوجوان کیڈٹس نے اپنے فرائض سنبھالے۔
لاہور میں جشن آزادی کے موقع پر شہر کا رنگ ہی الگ نظر آرہا ہے۔ گورنر ہاؤس، پنجاب اسمبلی سمیت دیگر اداروں کی جانب سے پرچم کشائی کی تقریبات منعقد کی جارہی ہیں، جبکہ گلی محلوں میں بھی سبز ہلالی پرچموں کی بہار ہے۔
جشن آزادی کے موقع پر بچوں کی تیاریاں بھی خوب ہیں، جو سبز اور سفید رنگ کے ملبوسات پہنے گھومنے پھرنے میں مصروف ہیں۔
پشاور اور کوئٹہ سمیت مختلف شہروں میں بھی یومِ آزادی کی تقریبات جاری ہیں۔ فوجی جوانوں کے پرجوش نعروں سے فضا گونج اٹھی جبکہ سرکاری و نجی عمارتوں، شاہراہوں اور اہم مقامات کو قومی پرچموں اور سبز ہلالی جھنڈیوں سے سجایا گیا ہے۔
ملک بھر میں یومِ آزادی کے سلسلے میں مختلف تقریبات، ریلیوں، پرچم کشائی کی تقریبات اور دیگر پروگرامز کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ شہریوں کی بڑی تعداد قومی پرچم تھامے آزادی کی خوشیاں منا رہی ہے۔
یومِ آزادی کی مناسبت سے مختلف شہروں میں گزشتہ رات شاندار آتش بازی بھی کی گئی۔ آسمان رنگ و نور میں نہا گیا جبکہ شہریوں نے پاکستان زندہ باد کے نعروں کے ساتھ جشنِ آزادی منایا۔
ملک کے مختلف حصوں میں سڑکوں، بازاروں اور اہم مقامات پر شہریوں کا جوش و خروش نمایاں ہے۔ بچوں، نوجوانوں اور بزرگوں نے سبز و سفید لباس پہن کر اور قومی پرچم لہرا کر وطن سے محبت کا اظہار کیا۔
پاکستان بھر میں یومِ آزادی کی تقریبات کا سلسلہ آج دن بھر جاری رہے گا، جبکہ شہری ملک کی ترقی، استحکام، امن اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کر رہے ہیں۔
اُدھر پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کے موقع پر مزارِ قائد کراچی میں گورنر سندھ نہال ہاشمی اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے حاضری دی اور بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
گورنر سندھ نہال ہاشمی اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے مزارِ قائد پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ دونوں رہنماؤں نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کیے۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نہال ہاشمی نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں، قوم کو 79واں یومِ آزادی مبارک ہو۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمارے بزرگوں کے خوابوں کی تعبیر ہے، نوجوانوں کو سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں آگے بڑھنا ہوگا۔
گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے نوجوان نسل کو اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لانا ہوگا اور جدید علوم و ٹیکنالوجی میں مہارت حاصل کرنا ہوگی۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بھی مزارِ قائد پر حاضری کے موقع پر بانیٔ پاکستان کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کیے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے یومِ آزادی کے موقع پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان بڑی قربانیوں کے بعد حاصل کیا گیا، ہمیں ملک کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے متحد ہو کر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کے اصولوں پر عمل کرتے ہوئے ملک کو مزید مضبوط اور خوشحال بنایا جا سکتا ہے۔
یومِ آزادی کے موقع پر مزارِ قائد پر حاضری دینے والے رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کی سلامتی، خودمختاری اور ترقی کے لیے بھرپور کردار ادا کیا جائے گا۔