
پاکستان میں ربیع الاول 1448 ہجری کا چاند نظر نہیں آیا، جس کے بعد یکم ربیع الاول ہفتہ 15 اگست کو ہوگی جب کہ 12 ربیع الاول بدھ 26 اگست کو ہوگی۔ وفاقی وزارت مذہبی امور کی جانب سے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
جمعرات کو ماہ ربیع الاول کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کے مرکزی سیکریٹریٹ میں بعد نماز عصر منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد نے کی۔
ملک بھر میں ربیع الاول کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی اجلاس کے ساتھ ساتھ زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس بھی اپنے متعلقہ زونز میں منعقد ہوئے۔
اجلاس کے بعد مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد نے ربیع الاول 1448 ہجری کے چاند کی رویت سے متعلق اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ ملک کے کسی بھی حصے سے ربیع الاول کا چاند نظر آنے کی شہادت موصول نہیں ہوئی۔
مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے مطابق ربیع الاول کا چاند نظر نہ آنے کے باعث یکم ربیع الاول 1448 ہجری ہفتہ 15 اگست کو ہوگی جب کہ 12 ربیع الاول بدھ 26 اگست کو ہوگی۔
دوسری جانب وفاقی وزارت مذہبی امور کی جانب سے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
ربیع الاول اسلامی سال کا تیسرا مہینہ ہے اور مسلمانوں کے لیے خصوصی مذہبی اہمیت رکھتا ہے۔ 12 ربیع الاول کو ملک بھر میں عید میلاد النبی ﷺ عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جاتی ہے۔
عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر ملک بھر کی مساجد اور دیگر مقامات پر محافل میلاد، قرآن خوانی، نعت خوانی اور درود و سلام کی محافل منعقد کی جاتی ہیں۔ اس موقع پر گھروں، مساجد اور سڑکوں کو بھی مختلف انداز میں سجایا جاتا ہے جبکہ مذہبی اجتماعات اور محافل کا انعقاد کیا جاتا ہے۔
علمائے کرام عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر مسلمانوں کو نبی کریم ﷺ کی تعلیمات، اخلاق اور سیرت پر عمل کرنے کی تلقین کرتے ہیں۔ علمائے کرام اس بات پر بھی زور دیتے ہیں کہ میلاد النبی ﷺ کا اصل پیغام نبی کریم ﷺ کی سنت اور اسوۂ حسنہ کو اپنی زندگی میں اپنانا ہے۔