جشن آزادی کی تیاریاں عروج پر: عمارتوں اور شاہراؤں کو پرچموں اور برقی قمقموں سے سجادیا گیا


ملک بھر میں 79 ویں یومِ آزادی کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئی ہیں، اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، کراچی، پشاور اور کوئٹہ سمیت مختلف شہروں کی اہم عمارتوں اور شاہراہوں کو قومی پرچموں، سبز و سفید برقی قمقموں سے سجا دیا گیا ہے جب کہ یومِ آزادی کی تقریبات کا آغاز رات 12 بجے آتش بازی سمیت مختلف پروگراموں سے ہوگا۔
پاکستان کے 79 ویں جشن آزادی کے موقع پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور جڑواں شہر راولپنڈی کو خصوصی طور پر سبز و سفید برقی قمقموں، قومی پرچموں اور ایل ای ڈی اسکرینز سے سجایا گیا ہے۔ پارلیمنٹ ہاؤس، ایوان صدر، وزیراعظم سیکریٹریٹ اور دیگر اہم سرکاری عمارتوں کو سبز اور سفید روشنیوں، قومی پرچموں اور خوبصورت برقی سجاوٹ سے منور کیا گیا ہے۔
رات کے وقت شاہراہ دستور، پارلیمنٹ ہاؤس اور دیگر سرکاری عمارتیں قومی پرچموں، روشن ایل ای ڈی اسکرینز اور برقی قمقموں کی وجہ سے انتہائی دیدہ زیب منظر پیش کررہی ہیں۔ اسلام آباد کی مختلف سڑکوں اور اہم مقامات پر کی گئی خصوصی سجاوٹ شہریوں کی توجہ کا مرکز بن گئی ہے۔
اسلام آباد میں یوم آزادی کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں اور رات 12 بجے آتش بازی سمیت مختلف تقریبات کے ذریعے جشن آزادی کا آغاز کیا جائے گا۔
کراچی
کراچی میں بھی جشن آزادی کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئی ہیں اور شہر کو قومی پرچموں اور رنگ برنگی روشنیوں سے سجا دیا گیا ہے جب کہ شہر کی اہم عمارتوں، شاہراہوں اور دفاتر کو سبز و سفید برقی قمقموں اور قومی پرچموں سے منور کیا گیا ہے۔
بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے مزار کو بھی خصوصی اور دیدہ زیب روشنیوں سے روشن کیا گیا ہے جب کہ تاریخی عمارتوں پر بھی خوبصورت برقی قمقمے لگائے گئے ہیں۔
شہر کے مختلف چوراہوں کو قومی پرچموں اور خصوصی روشنیوں سے سجایا گیا ہے جب کہ شاہراہ فیصل اور ایم اے جناح روڈ سمیت اہم شاہراہیں قومی جھنڈیوں اور چراغاں سے جگمگا رہی ہیں۔
جشن آزادی کے موقع پر شہریوں میں بھی جوش و خروش پایا جارہا ہے، بچے اور بڑے شہر کے مختلف چوراہوں اور فٹ پاتھوں پر قائم اسٹالز سے قومی پرچم، بیجز اور ٹوپیاں خرید رہے ہیں۔ کراچی کی فضاؤں میں گونجتے ملی نغمے بھی جشن آزادی کے ماحول کو مزید گرما رہے ہیں۔
لاہور
پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں بھی جشن آزادی کے موقع پر شہر کو قومی جوش و جذبے سے سجانے کے لیے لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی متحرک ہے۔ ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق کی ہدایات پر شہر کی اہم شاہراہوں، سرکاری دفاتر اور چوراہوں کو سبز و سفید برقی قمقموں اور قومی پرچموں سے سجایا گیا ہے۔
ایل ڈی اے نے شہر کے اہم داخلی راستے ٹھوکر انٹری پوائنٹ، ریلوے اسٹیشن کے پارکنگ ایریا اور اطراف کو خوبصورت روشنیوں سے روشن کیا ہے۔ ایل ڈی اے ہیڈ کوارٹر جوہر ٹاؤن، ایونیو ون، ظہور الٰہی گول چکر، اڈا پلاٹ اور ایل ڈی اے سٹی میں بھی رنگا رنگ سجاوٹ کی گئی ہے۔
ایل ڈی اے کی جانب سے پارکنگ پلازوں اور دیگر اہم مقامات کو بھی سجایا گیا ہے جب کہ نجی اسکیموں اور پرائیویٹ سیکٹر کی کمرشل املاک کے مالکان کو بھی عمارتیں برقی قمقموں سے روشن کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
جشن آزادی کے موقع پر حکومت پنجاب کی جانب سے زندہ دلان لاہور کے لیے خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا گیا ہے، لبرٹی چوک کو آتش بازی، میوزیکل کنسرٹ اور خوبصورت روشنیوں سے سجایا گیا ہے جہاں شہریوں کی بڑی تعداد پہنچ رہی ہے۔
جشن آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں لاہور کے گریٹر اقبال پارک، ڈولمن مال ڈیفنس، گلشن اقبال، اڈا پلاٹ اور لبرٹی مارکیٹ میں شاندار آتش بازی کا اہتمام کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ لبرٹی مارکیٹ اور ڈیفنس فیز 6 ایچ بلاک میں میوزیکل شوز بھی منعقد ہوں گے۔
یوم آزادی کے موقع پر پنجاب اسمبلی لاہور کی تاریخی عمارت کو سبز روشنیوں اور قومی پرچم کے رنگوں سے خوبصورتی سے منور کیا گیا ہے۔ 14 اگست کی مناسبت سے پنجاب اسمبلی کی عمارت کی برقی سجاوٹ نے جشن آزادی کے رنگ مزید نمایاں کردیے ہیں۔ سبز روشنیوں سے جگمگاتی پنجاب اسمبلی کی عمارت قومی جذبے، حب الوطنی اور قومی یکجہتی کی عکاسی کرتی نظر آرہی ہے اور اس کی خوبصورت برقی سجاوٹ شہریوں کی توجہ کا مرکز بن گئی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر صوبے بھر میں 14 اگست کے موقع پر جشن آزادی کی مناسبت سے خصوصی تزئین و آرائش اور بیوٹیفکیشن کا سلسلہ جاری ہے۔ ہاؤسنگ ڈیپارٹمنٹ کے تحت ڈویلپمنٹ اتھارٹیز اور ہارٹیکلچر ایجنسیز نے مختلف اضلاع کو سبز و سفید رنگوں سے سجایا ہے۔
ترجمان محکمہ ہاؤسنگ کے مطابق سیکریٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل کی ہدایت پر جشن آزادی کے حوالے سے خصوصی بیوٹیفکیشن اقدامات مکمل کیے گئے ہیں۔
لاہور، فیصل آباد، بہاولپور، ڈیرہ غازی خان سمیت صوبے کے دیگر اضلاع میں بھی یوم آزادی کی مناسبت سے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ شاہراہوں، گرین بیلٹس اور عوامی مقامات پر سبز و سفید تھیم کے تحت خصوصی سجاوٹ کی گئی ہے جب کہ پارکس اور گرین بیلٹس میں بھی جشن آزادی کے حوالے سے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ سرکاری عمارتوں کو بھی برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے تاکہ جشن آزادی کی خوشیوں کو نمایاں کیا جاسکے۔
لاہور سمیت پنجاب بھر میں جشن آزادی کے موقع پر سیکیورٹی کے جامع انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم کے مطابق یوم آزادی پر صوبے بھر میں 300 سے زائد تقریبات کو بھرپور سیکیورٹی فراہم کی جائے گی جب کہ 28 ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار سیکیورٹی اور ٹریفک انتظامات پر مامور ہوں گے۔
آئی جی پنجاب کے مطابق سیف سٹیز اتھارٹی کے کیمروں کے ذریعے جشن آزادی کی تمام سرگرمیوں کی مکمل مانیٹرنگ کی جائے گی جب کہ بین الصوبائی سرحدی چوکیوں پر بھی سیکیورٹی سخت رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پنجاب پولیس کے مطابق 306 ایلیٹ ٹیمیں، 177 کیو آر ایف اور 911 موٹر سائیکل ٹیمیں پیٹرولنگ کریں گی جب کہ 829 پولیس گاڑیاں بھی پٹرولنگ ڈیوٹی پر مامور ہوں گی۔ سیکیورٹی چیکنگ کے لیے 128 واک تھرو گیٹس اور 1122 میٹل ڈٹیکٹرز استعمال کیے جائیں گے۔
لاہور میں 8 ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار سیکیورٹی اور ٹریفک ڈیوٹی انجام دیں گے۔ پولیس، سی ٹی ڈی، اسپیشل برانچ اور انٹیلی جنس ادارے بھی جشن آزادی کے موقع پر متحرک رہیں گے۔
آئی جی پنجاب نے سی سی پی او، آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو سکیورٹی اور ٹریفک انتظامات کی خود نگرانی کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک دشمن اور جرائم پیشہ عناصر پر کڑی نظر رکھی جائے گی جب کہ ون ویلنگ، ہوائی فائرنگ، ہلڑ بازی، روڈ بلاکنگ اور خواتین کو ہراساں کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس ہوگی اور شہریوں سے قانون اور تہذیب کے دائرے میں رہ کر جشن آزادی منانے کی اپیل بھی کی گئی ہے۔
لاہور سٹی ٹریفک پولیس نے بھی یوم آزادی کے موقع پر شہریوں کی سہولت اور سکیورٹی کیلئے خصوصی ٹریفک پلان مرتب کرلیا ہے۔ سی ٹی او سید عبدالرحیم شیرازی کے مطابق 3 ایس ایس پیز، 16 ڈی ایس پیز اور 500 سے زائد ٹریفک انسپکٹرز فیلڈ میں فرائض سرانجام دیں گے۔
جشن آزادی کی مناسبت سے شہر کے 5 اہم مقامات گریٹر اقبال پارک، ڈولمن مال ڈیفنس، گلشن اقبال، اڈا پلاٹ اور لبرٹی مارکیٹ میں آتش بازی کا اہتمام کیا گیا ہے۔ لبرٹی مارکیٹ اور ڈیفنس فیز 6 ایچ بلاک میں میوزیکل شوز بھی ہوں گے۔ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے مال روڈ اور مین بلیوارڈ گلبرگ کے تمام کٹس رات کے وقت بند کیے جائیں گے جب کہ ہلڑ بازی اور قانون شکنی روکنے کے لیے شہر بھر میں 62 مقامات پر ناکہ بندی کی جائے گی۔
سی ٹی او نے واضح کیا ہے کہ روڈ بلاکنگ اور روڈ ریج کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور شہریوں سے پرامن ماحول میں جشن آزادی منانے اور تقریبات میں شرکت کی اپیل کی گئی ہے۔
پشاور
یوم آزادی نائٹ کے موقع پر صوبائی دارالحکومت پشاور بھی سبز ہلالی پرچم کے رنگوں اور برقی قمقموں سے جگمگا اٹھا ہے۔ خیبرپختونخوا اسمبلی، پشاور ہائی کورٹ، قلعہ بالاحصار اور اسلامیہ کالج سمیت اہم سرکاری عمارتوں کو خوبصورت روشنیوں سے سجایا گیا ہے، جو شام ڈھلتے ہی انتہائی دلکش منظر پیش کررہی ہیں۔
یوم آزادی کی رات کو یادگار بنانے کے لیے شہری بڑی تعداد میں گھروں سے باہر نکل آئے، شہریوں نے ہاتھوں میں سبز ہلالی پرچم اٹھا رکھے ہیں جب کہ گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کو بھی قومی پرچموں سے سجایا گیا ہے۔
بچے بھی سبز ہلالی پرچموں والے لباس زیب تن کیے جشن آزادی میں شریک ہیں جب کہ پشاور کے نوجوانوں نے جشن آزادی کے موقع پر کئی سو فٹ لمبا قومی پرچم بھی تیار کیا ہے۔
دوسری جانب محکمہ کھیل کی جانب سے پشاور سپورٹس کمپلیکس میں میوزک نائٹ کا رنگارنگ پروگرام بھی منعقد کیا گیا، جس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
کوئٹہ
جشن آزادی کی آمد کے ساتھ ہی کوئٹہ بھی سبز ہلالی پرچم کے رنگوں اور روشنیوں سے جگمگا اٹھا ہے، شہر کی تاریخی عمارتوں اور اہم شاہراہوں پر چراغاں نے جشن آزادی کی خوشیوں کو مزید نمایاں کردیا ہے۔
میٹروپولیٹن کارپوریشن کی تاریخی عمارت پر شاندار چراغاں کیا گیا ہے جب کہ رنگا رنگ روشنیوں سے سجی عمارت رات کے وقت انتہائی خوبصورت منظر پیش کرتی ہے۔
بلوچستان اسمبلی اور بلوچستان ہائی کورٹ کی عمارتوں کو بھی خوبصورت انداز میں سجایا گیا ہے، جگمگاتی عمارتوں اور دلکش روشنیوں کو دیکھنے کیلئے شہریوں کی بڑی تعداد مختلف مقامات پر پہنچ رہی ہے۔
شہر کی گلیوں، بازاروں اور اہم عمارتوں پر سبز ہلالی پرچم اور رنگ برنگی روشنیاں نظر آرہی ہیں۔ بچے اور بڑے اپنے اپنے انداز میں جشن آزادی کی خوشیوں میں شریک ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ خوبصورت سجاوٹ اور چراغاں نے یوم آزادی کی خوشیوں کو مزید بڑھا دیا ہے۔
کوئٹہ میں جشن آزادی کے موقع پر رات 12 بجے آتش بازی کا شاندار مظاہرہ بھی کیا جائے گا۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles