
جاپان میں ٹوکیو کے ہانیڈا ایئرپورٹ کے قریب منگل کی صبح دو طیارے ممکنہ تصادم سے بال بال بچ گئے۔ آل نپون ایئرویز کی شنگھائی سے آنے والی پرواز کے تصادم سے بچاؤ کے خودکار نظام نے خطرے کی نشاندہی کی، جس پر پائلٹ فوری طور پر طیارے کو اوپر کی جانب لے گیا جس کے بعد محفوظ فاصلہ برقرار رکھتے ہوئے ممکنہ حادثہ ٹال دیا۔
جاپانی خبر رساں ادارے کیوڈو نیوز کے مطابق شنگھائی سے آنے والی آل نپون ایئرویز کی پرواز 968 جب ہانیڈا ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے لیے قریب پہنچ رہی تھی تو طیارے کے تصادم سے بچاؤ کے نظام (کولیژن اوائیڈنس سسٹم) نے ممکنہ خطرے کا انتباہ جاری کیا۔
رپورٹ کے مطابق اس وقت طیارے میں 197 مسافر اور عملے کے ارکان سوار تھے۔ پائلٹ نے سسٹم کی ہدایت پر فوری عمل کرتے ہوئے مقامی وقت کے مطابق صبح تقریباً 6 بجے طیارے کی بلندی بڑھائی تاکہ قریب موجود دوسرے طیارے سے محفوظ فاصلہ برقرار رکھا جا سکے۔
جاپان کی وزارتِ زمین، انفراسٹرکچر، ٹرانسپورٹ اور سیاحت نے بتایا کہ اس کا ایک معائنہ کرنے والا طیارہ رن وے ڈی سے اڑان بھرنے کے بعد اسی علاقے میں موجود تھا۔
وزارت کے مطابق یہ طیارہ ایئرپورٹ پر ریڈیو، روشنیوں اور دیگر سہولیات کا معائنہ کرنے کے مشن پر تھا۔
وزارت نے اپنے بیان میں مزید بتایا کہ اس واقعے کی تفصیلات کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
آل نپون ایئرویز (اے این اے) نے بھی تصدیق کی کہ واقعے میں طیارے میں سوار تمام 197 مسافر اور عملے کے ارکان محفوظ رہے، کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی اور طیارے میں بھی کوئی خرابی سامنے نہیں آئی۔
حکام واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری رکھے ہوئے ہیں تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ دونوں طیارے ایک دوسرے کے اتنے قریب کیسے پہنچے اور مستقبل میں ایسے واقعات سے بچنے کے لیے مزید کیا اقدامات کیے جا سکتے ہیں۔