برطانیہ، یوکرین نے جنگ میں شامل نہ ہونے کی یقین دہانی کرائی ہے: ایران

ایران کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ برطانیہ، بلغاریہ اور یوکرین نے ایران کے خلاف کسی بھی جنگ یا فوجی کارروائی میں شامل نہ ہونے کی یقین دہانی کرائی ہے، جبکہ ثالث بھی اس معاملے سے آگاہ ہیں۔

ترجمان ایرانی وزارتِ خارجہ اسماعیل بقائی نے اپنے بیان میں کہا کہ موجودہ صورت حال میں بنیادی اور اہم مسائل میں آبنائے ہرمز کا معاملہ بھی شامل ہے، جس پر مختلف فریقوں کے درمیان بات چیت جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز کی ممکنہ بندش کا معاملہ امریکا کی جانب سے کیے گئے وعدوں کی خلاف ورزی سے جڑا ہوا ہے۔

ترجمان ایران کی وزارتِ خارجہ کے مطابق امریکا نے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) کے تحت بحری آمد ورفت کی بحالی کی اجازت نہیں دی اور معاہدے کی مدت ختم ہونے سے پہلے ہی حملہ کر دیا۔

اسماعیل بقائی کا کہنا تھا کہ امریکی اقدامات نے اعتماد کو شدید نقصان پہنچایا، جس کے باعث خطے میں کشیدگی میں اضافہ ہوا۔

انہوں نے زور دیا کہ آبنائے ہرمز سے متعلق ایران کا مؤقف امریکی وعدوں کی پاسداری اور بین الاقوامی بحری آمد ورفت کے معاملات سے براہِ راست وابستہ ہے۔

ایرانی ترجمان نے مزید کہا کہ ثالث اس تمام صورت حال اور اس سے جڑے بنیادی نکات سے مکمل طور پر آگاہ ہیں، جبکہ ایران خطے میں پیدا ہونے والی صورتحال پر اپنے قومی مفادات کے مطابق فیصلے کرے گا۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles