آزاد کشمیر انتخابات کا دوسرا مرحلہ: پولنگ کا وقت ختم، غیر حتمی نتائج سامنے آنا شروع


آزاد کشمیر انتخابات کے دوسرے مرحلے میں اتوار کے روز 20 نشستوں پر پولنگ کے بعد ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔ غیر حتمی نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن کے امیدوار 3 سیٹیں جیتنے میں کامیاب ہوئے جب کہ 12 نشستوں پر آگے ہیں۔ اسی طرح پیپلزپارٹی ایک سیٹ نکالنے میں کامیاب ہوئی ہے جب کہ چار سیٹوں پر اس کے امیدواروں کو برتری حاصل ہے۔
آزاد کشمیر انتخابات کے دوسرے مرحلے میں اتوار کے روز مجموعی طور پر 21 نشستوں پر پولنگ شیڈول تھی جس میں مظفرآباد ڈویژن کی 9 اور کشمیری مہاجرین کی 12 نشستیں شامل تھیں، تاہم اتوار کی صبح الیکشن کمیشن نے مظفرآباد کے حلقہ ’ایل اے 27‘ میں پولنگ 4 اگست تک ملتوی کردی۔
اتوار کو 20 نشستوں پر ہونے والے انتخابات میں اب تک کے تازہ ترین غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن کو 12 نشستوں پر برتری حاصل ہے جب کہ 3 سیٹوں پر پیپلزپارٹی کے امیدوار آگے ہیں۔
غیر حتمی نتائج کے مطابق ن لیگ اب تک مہاجرین کی 2 نشستیں جب کہ پیپلزپارٹی ایک نشست نکالنے میں کامیاب ہوچکی ہے۔
آزاد جموں و کشمیر کے مہاجرین کی نشستوں پر اسلام آباد کے علاوہ پنجاب، خیبرپختونخوا، سندھ، بلوچستان کے مختلف شہروں میں قائم پولنگ اسٹیشنز میں شام پانچ بجے تک پولنگ جاری رہی تھی جہاں پاکستان کے چاروں صوبوں اور وفاقی دارالحکومت میں مقیم آزاد جموں و کشمیر کے شہریوں نے ووٹ کاسٹ کیے۔
مہاجرین کی نشستوں کے غیر حتمی نتائج
آج نیوز کو مہاجرین کی نشستوں کے نتائج موصول ہونے کا سلسلہ جاری ہے، اب تک کے نتائج کے مطابق:
ایل اے 34 جموں 1: ن لیگ کے امیدوار ناصر حسین ڈار کو برتری حاصل
ایل اے 35 جموں 2: ن لیگ کے امیدوار اسماعیل گجر کو برتری حاصل
ایل اے 36 جموں 3: ن لیگ کے امیدوار احسن رضا کو برتری حاصل
ایل اے 37 جموں 4: ن لیگ کی امیدوار مریم جاوید کو برتری حاصل
ایل اے 38 جموں 5: ن لیگ کے امیدوار ذیشان یونس ٹانڈہ کو برتری حاصل
ایل اے 39 جموں 6: ن لیگ کے امیدوار راجہ محمد صدیق کو برتری حاصل
ایل اے 40 ویلی 1: پیپلزپارٹی کے امیدوار عامر عبد الغفار کو برتری حاصل
ایل اے 41 ویلی 2: ن لیگ کے امیدوار محمد عامر شاہ کو برتری حاصل
ایل اے 42 ویلی 3: پیپلز پارٹی کے امیدوار عاصم شریف بٹ کو برتری حاصل
ایل اے 43 ویلی 4: ن لیگ کے امیدوار یاسین لون 1 ہزار 276 ووٹ لے کر کامیاب
ایل اے 44 ویلی 5: ن لیگ کے امیدوار احمد رضا قادری 1 ہزار 700 ووٹ لے کر کامیاب
ایل اے 45 ویلی 6: پیپلز پارٹی کے عبدالماجد خان 3 ہزار 708 ووٹ لے کر کامیاب
مظفرآباد ڈویژن کی 8 نشستوں کے غیر حتمی نتائج
الیکشن کمیشن نے مظفر آباد ڈویژن کی نشستوں پر پولنگ کا وقت شام 6 بجے تک بڑھا دیا تھا۔ پولنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد اب ووٹوں کی گنتی اور غیر حتمی نتائج سامنے آنے کا سلسلہ جاری ہے۔
ایل اے 25 نیلم 1: ن لیگ کے امیدوار شاہ غلام قادر کو برتری حاصل
ایل اے 26 نیلم ویلی 2: ن لیگ کے امیدوار شاہ غلام قادر کو برتری حاصل
ایل اے 27 مظفرآباد 1: (پولنگ 4 اگست تک ملتوی)
ایل اے 28 مظفرآباد 2: (57 پولنگ اسٹیشنوں میں پولنگ 4 اگست ملتوی)
ایل اے 29 مظفرآباد 3: (غیر حتمی نتائج اپڈیٹ کیے جارہے ہیں)
ایل اے 30 مظفرآباد 4: مسلم لیگ ن کے ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر18 ہزار 82ووٹ لے کر کامیاب
ایل اے 31 مظفرآباد 5: (نتائج اپڈیٹ کیے جارہے ہیں)
ایل اے 32 جہلم ویلی 6: پیپلزپارٹی کے امیدوار صاحبزادہ اشفاق ظفر کو برتری حاصل
ایل اے 33 جہلم ویلی 7: پیپلزپارٹی کے امیدوار دیوان علی چغتائی کو برتری حاصل
واضح رہے کہ یہ غیر حتمی نتائج ہیں جو نتائج موصول ہوتے ہی وقت کے ساتھ ساتھ اپڈیٹ کیے جا رہے ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق حلقہ ’ایل اے 27‘ میں شدید بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے متعدد سڑکیں بند تھیں جس کے نتیجے میں انتخابی عملہ اور انتخابی سامان بروقت نہ پہنچ سکا، اس حلقے میں پولنگ اب 4 اگست کو ہوگی۔

آزاد کشمیر اسمبلی کے انتخابات تین مراحل میں ہو رہے ہیں۔ پہلے مرحلے میں 27 جولائی کو میرپور ڈویژن میں انتخابات ہوئے تھے، دوسرا مرحلہ آج منعقد ہوا تھا جب کہ 10 اگست کو تیسرے مرحلے میں پونچھ ڈویژن میں الیکشن شیڈول ہیں۔
اتوار کے روز الیکشن کے دوسرے مرحلے میں مظفرآباد ڈویژن کی 8 نشستوں اور 12 مہاجرین کی نشستوں پر مجموعی طور پر 300 سے زائد امیدوار میدان میں ہیں۔ مہاجر نشستوں میں 7 پنجاب جب کہ باقی نشستیں خیبرپختونخوا، سندھ، بلوچستان اور اسلام آباد سمیت مختلف علاقوں میں تقسیم ہیں۔
الیکشن کمیشن حکام کے مطابق مظفرآباد ڈویژن میں مجموعی طور پر 8لاکھ 95 ہزار 66 رجسٹرڈ ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کر رہے ہیں، جن میں 4 لاکھ 27 ہزار 400 مرد جب کہ 3لاکھ 82 ہزار 167 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔ کشمیری مہاجرین کی 12 نشستوں پر مجموعی ووٹرز کی تعداد 4لاکھ 38 ہزار 834 ہے، جن میں 2 لاکھ 47 ہزار 776 مرد اور ایک لاکھ 91 ہزار 54 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق مظفرآباد ڈویژن میں 1 ہزار 483 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں، جن میں 533 کو انتہائی حساس، 741 کو حساس اور 209 کو عام قرار دیے گیا تھا جب کہ 12 مہاجر نشستوں کے لیے ملک بھر میں 1 ہزار 57 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے تھے۔

انتخابات کے دوسرے مرحلے میں پاکستان پیپلزپارٹی کی جانب سے مختلف حلقوں میں مسلم لیگ ن پر انتخابی بے ضابطگیوں، تشدد اور دھاندلی کے الزامات بھی عائد کیے گئے ہیں۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے الزام عائد کیا ہے کہ مسلم لیگ (ن) دوسرے مرحلے کے انتخابات میں بھی عوام کا مینڈیٹ چھیننے کی کوشش کر رہی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر جاری بیان میں بلاول بھٹو نے کہا کہ آزاد کشمیر میں پیپلز پارٹی کے صدر اور حلقہ ایل اے 31 کے امیدوار چوہدری لطیف اکبر پر حملہ کیا گیا، جب کہ اسی حلقے میں پارٹی کارکن مشتاق شاہ جاں بحق ہوئے۔
بلاول بھٹو زرداری نے مسلم لیگ ن پر دھاندلی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ زور زبردستی سے آزاد کشمیر کے عوام کے ووٹ پر ڈاکا ماررہی ہے۔

پیپلز پارٹی نے الیکشن کمیشن کو لکھے گئے ایک خط میں پارٹی امیدوار چوہدری لطیف اکبر پر حملے کے واقعے کی تحقیقات اور سیکیورٹی انتظامات میں مبینہ غفلت کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
پیپلز پارٹی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پارٹی نے فوری کارروائی کے لیے دھاندلی سے متعلق شکایات الیکشن کمیشن کو جمع کرائی ہیں تاہم پارٹی کو اب تک کسی شکایت پر باضابطہ جواب موصول نہیں ہوا ہے۔
دوسری جانب مسلم لیگ ن نے پیپلز پارٹی کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کو تحریری جواب میں دھاندلی سے متعلق الزامات کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔
وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر امیر مقام نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امن و امان برقرار رکھنے کے لیے قانون نافذ کرنے والے ادارے تعینات ہیں۔ سیاسی جماعتوں کو الزام تراشی سے گریز کرنا چاہیے کیوں کہ ہار جیت کا فیصلہ عوام کے ووٹ سے ہوتا ہے۔
سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر میں پیپلزپارٹی کی حکومت ہے، پیپلز پارٹی اپنی ہی انتظامیہ پر دھاندلی کے الزامات لگا رہی ہے۔
پی پی کارکن کی ہلاکت کے حوالے سے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ بلاول کو معلوم ہے کہ دو گروپوں کے درمیان ہاتھاپائی کے دوران بزرگ شہری کاہارٹ فیل ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ میرپور ڈویژن نے ن لیگ کو کارکردگی پرووٹ دیا تھا، مظفرآباد ڈویژن اور مہاجرین کی نشستوں پر بھی ن لیگ کامیاب ہوگی۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles