سوات میں کبل پولیس اسٹیشن کے قریب خودکش دھماکا، اہلکاروں سمیت 9 افراد شہید


خیبرپختونخوا کے ضلع سوات میں کبل پولیس اسٹیشن کے قریب ہونے والے خودکش دھماکے میں پولیس اہلکاروں سمیت 9 افراد شہید اور 18 زخمی ہوگئے ہیں۔ پولیس حکام کے مطابق خود کش حملہ آور نے پولیس اسٹیشن میں داخل ہونے کی کوشش کے دوران خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔
اتوار کو سوات کی تحصیل کبل میں مقامی امن کمیٹی کے پرامن مظاہرے کے دوران کبل پولیس اسٹیشن کے مرکزی گیٹ پر خودکش دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں پولیس اہلکاروں سمیت 9 افراد شہید جب کہ 18 زخمی ہوگئے۔
دھماکے میں جاں بحق اور زخمی پولیس اہلکاروں اور دیگر افراد کو فوری طور پر مختلف اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) سوات محمد عمر گنڈا پور نے جاں بحق اور زخمیوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ خود کش حملہ آور پولیس اسٹیشن میں داخل ہونے کی کوشش کر رہا تھا تاہم ڈیوٹی پر تعینات اہلکاروں نے اسے گیٹ پر ہی روک لیا، جس کے بعد اس نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔
ڈی پی او کے مطابق دھماکے کی جگہ سے ایک انسانی سر بھی ملا ہے، یہ انسانی سر مبینہ طور پر خودکش حملہ آور کا ہو سکتا ہے۔
ڈی آئی جی مالاکنڈ سید فدا حسین نے بتایا کہ دھماکے کے وقت مقامی نوجوانوں کا احتجاج بھی جاری تھا، جس کی وجہ سے جائے وقوعہ پر لوگوں کی موجودگی زیادہ تھی۔
ریسکیو حکام کے مطابق امدادی کارروائیاں مکمل کر لی گئی ہیں جب کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ اور شواہد جمع کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے۔ واقعے کی نوعیت اور حملہ آور کی شناخت سے متعلق تحقیقات جاری ہیں۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles