جاپان میں 7.1 شدت کے زلزلے، درجنوں افراد زخمی، عمارتوں اور پلوں کو نقصان

جاپان کے جنوب مغربی جزیرے کیوشو میں 7.1 شدت کے طاقتور زلزلے کے نتیجے میں کم از کم 50 افراد زخمی ہوگئے، جب کہ ایک بڑے شاپنگ سینٹر کی عمارت کا حصہ گرنے سے متعدد افراد کے ملبے تلے دب جانے کی اطلاعات ہیں۔

جاپان کے جنوب مغربی علاقے میں آنے والے 7.1 شدت کے طاقت ور زلزلے نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی، جس کے نتیجے میں عمارتوں، سڑکوں اور پلوں کو نقصان پہنچا، متعدد مقامات پر آگ بھڑک اٹھی اور کم از کم 50 افراد زخمی ہوگئے۔

جاپانی وزیراعظم سانائے تاکائیچی نے بتایا کہ زلزلے سے مختلف علاقوں میں بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچا ہے، جب کہ امدادی ادارے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو کارروائیوں میں مصروف ہیں۔

زلزلہ مقامی وقت کے مطابق شام چار بج کر 27 منٹ پر جزیرۂ کیوشو میں آیا، جس کے بعد حکام نے تقریباً تین لاکھ افراد کو محفوظ مقامات اور امدادی پناہ گاہوں میں منتقل ہونے کی ہدایت جاری کی۔

حکام نے ابتدائی طور پر سونامی کی وارننگ بھی جاری کی تھی، تاہم صورت حال کا جائزہ لینے کے بعد تقریباً ایک گھنٹے بعد اسے واپس لے لیا گیا۔

جاپانی نشریاتی ادارے این ایچ کے کے مطابق کوماموتو پریفیکچر کے شہر کاشیما میں واقع بڑے ایون شاپنگ سینٹر میں دھماکے کی بھی اطلاع ملی، تاہم فوری طور پر یہ واضح نہیں ہو سکا کہ دھماکا زلزلے کا نتیجہ تھا یا کسی اور وجہ سے پیش آیا۔

ہیلی کاپٹر سے حاصل ہونے والی تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شاپنگ سینٹر کی ایک دیوار جزوی طور پر گر گئی، جس سے عمارت کا فولادی ڈھانچا نمایاں ہوگیا، جب کہ چھت کے بعض حصے بھی شدید متاثر ہوئے۔

فائر ڈیپارٹمنٹ کے مطابق شاپنگ کمپلیکس کی دوسری منزل منہدم ہونے کے باعث متعدد افراد ملبے تلے دب گئے، جنہیں نکالنے کے لیے ریسکیو کارروائیاں جاری ہیں۔

ہنگامی امدادی اداروں کا کہنا ہے کہ شاپنگ سینٹر کے اندر پھنسے افراد تک پہنچنے کے لیے خصوصی امدادی ٹیمیں بھاری مشینری کی مدد سے ملبہ ہٹا رہی ہیں۔

ادھر جاپان کے تاریخی کوماموتو قلعے کو بھی زلزلے سے نقصان پہنچنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ ابتدائی رپورٹس کے مطابق سترہویں صدی میں تعمیر ہونے والے اس تاریخی قلعے کی بعض پتھریلی دیواریں جزوی طور پر منہدم ہو گئی ہیں، تاہم نقصانات کا مکمل تخمینہ ابھی جاری ہے۔

حکام نے شہریوں سے آفٹر شاکس کے خدشے کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کی اپیل کی ہے، جب کہ متاثرہ علاقوں میں امدادی اور بحالی سرگرمیاں تیزی سے جاری ہیں۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles