کاکروچ جنتا پارٹی کا ملک گیر احتجاج ختم کرنے کا اعلان

بھارت میں امتحانی بے ضابطگیوں کے خلاف سرگرم کاکروچ جنتا پارٹی (سی جے پی) نے حکومت کی جانب سے اپنے تمام مطالبات تسلیم کیے جانے کے بعد ملک گیر احتجاج فوری طور پر ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔

بھارت میں امتحانی نظام میں اصلاحات اور نیٹ امتحان کے پرچہ لیک ہونے کے معاملے پر احتجاج کرنے والی کاکروچ جنتا پارٹی (سی جے پی) نے حکومت سے کامیاب مذاکرات کے بعد اپنی ملک گیر احتجاجی تحریک فوری طور پر ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔

پارٹی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ حکومت نے اس کے تمام بنیادی مطالبات تسلیم کر لیے ہیں، جس کے بعد احتجاج ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

سی جے پی کے مطابق حکومت نے نیٹ امتحان کے پرچہ لیک اسکینڈل سے متعلق خودکشی کرنے والے طلبہ کے خاندانوں کو زیادہ سے زیادہ ممکنہ معاوضہ دینے پر اتفاق کیا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ مرکزی حکومت اور این ڈی اے کے زیرِ انتظام ریاستوں میں احتجاج سے متعلق درج تمام مقدمات واپس لیے جائیں گے، جبکہ آئندہ ان احتجاجی سرگرمیوں میں شریک افراد کے خلاف بھی کوئی کارروائی نہیں کی جائے گی۔

پارٹی کے مطابق حکومت نے امتحانی نظام میں اصلاحات سے متعلق اس کے پانچ نکاتی چارٹر پر بھی غور کرنے اور اس حوالے سے مزید مذاکرات کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

یاد رہے کہ کاکروچ جنتا پارٹی نے امتحانی پرچوں کے بار بار لیک ہونے، تعلیمی نظام میں شفافیت اور وزیرِ تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفے کے مطالبے پر ملک گیر احتجاج شروع کیا تھا، جس میں حالیہ ہفتوں کے دوران ہزاروں طلبہ، سماجی کارکنوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی تھی۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles