
کراچی کے مختلف علاقوں میں مون سون بارشوں کا آغاز ہوگیا، کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا اور گرمی کی شدت میں نمایاں کمی آ گئی۔
کراچی کے مضافاتی علاقوں میں سسٹم داخل ہونے کے بعد شہر کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا ہے۔
کراچی کے علاقے گلشن معمار، منگھوپیر، احسن آباد، گلزار ہجری سمیت شہر کے مضافاتی علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی جب کہ گرومندر کے اطراف بھی ہلکی بارش ریکارڈ کی گئی۔
اس کے علاوہ ناظم آباد، نیوکراچی، گلستان جوہر، گلشن اقبال، شاہراہ فیصل سمیت دیگر علاقوں میں بوندا باندی ہوئی ہے۔ اسی طرح نارتھ کراچی، ناگن چورنگی، ایم اے جناح روڈ اور اطراف کے علاقوں میں بھی ہلکی بارش اور بوندا باندی سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔
بارش کے بعد شہر کا موسم خوشگوار ہوگیا جب کہ مختلف علاقوں میں بارش کے بعد شہریوں نے خوشگوار موسم کا لطف اٹھایا۔
اس سے قبل محکمہ موسمیات نے کراچی میں 25 اور 26 جولائی کو بارش کی پیشگوئی کی تھی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی کے مضافاتی علاقوں میں گرد آلود ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے تاہم سسٹم کے تحت وسطی شہر میں ہلکی بارش ہوگی۔