
خیبرپختونخوا کے ضلع ٹانک میں جوائنٹ پولیس چیک پوسٹ پر فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں نے حملہ کردیا تاہم حملے کے نتیجے میں 15 بہادر سپوت شہید ہوگئے جب کہ جوابی کارروائی کے دوران 12 خوارج مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بھارت کے حمایت یافتہ دہشت گرد گروہ ’فتنہ الخوارج‘ کے دہشت گردوں نے 23 اور 24 جولائی کی درمیانی شب ضلع ٹانک میں سیکیورٹی اہلکاروں کی مشترکہ چیک پوسٹ پر بزدلانہ حملہ کیا۔
حملہ آوروں نے چیک پوسٹ کے سیکیورٹی حصار کو توڑنے کی کوشش کی تاہم سیکیورٹی فورسز کے مستعد اور فوری ردعمل نے ان کے مذموم عزائم کو ناکام بنا دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی اہلکاروں نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے فرار ہونے والے خوارج کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 12 خوارج مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ اسی دوران حملہ آوروں نے بارود سے بھری گاڑی چیک پوسٹ کی بیرونی دیوار سے ٹکرا دی، جس کے نتیجے میں ہونے والے دھماکے کی شدت سے چیک پوسٹ کے بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچا جب کہ بزدلانہ حملے میں وطن کے 15 بہادر سپوتوں نے جام شہادت نوش کیا، جن میں فوج کے 12 جوان، 2 پولیس اہلکار اور محکمہ جنگلات کا ایک سرکاری عہدیدار شامل ہے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ علاقے میں موجود کسی بھی ممکنہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، ملک سے غیر ملکی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے پرعزم ہیں، بہادر جوانوں کی یہ قربانیاں ہمارے غیر متزلزل عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔