
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مسلسل کوششیں بلوچستان میں دیرپا امن لائیں گی، دہشت گردی کے خاتمے تک فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی، غیر ملکی سرپرستی میں کام کرنے والی پراکسیز بلوچستان میں بدامنی اور عدم استحکام پھیلانے کے درپے ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جمعرات کو چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں 20 ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکا سے ملاقات کی ہے۔
شرکا سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مسلسل کوششیں، عوام کی غیرمتزلزل حمایت کے ساتھ مل کر بلوچستان میں دیرپا امن کے قیام کو یقینی بنائیں گی۔
چیف آف ڈیفنس فورسز نے کہا کہ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف کارروائیاں پوری قوت اور عزم کے ساتھ اس وقت تک جاری رہیں گی جب تک دہشت گردی اور اس کے سہولت کاروں کا مکمل خاتمہ نہیں ہو جاتا۔ انہوں نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ پاکستان میں جہاں بھی دہشت گردوں کا انفرا اسٹرکچر ملکی سلامتی کے لیے خطرہ بنے گا، اسے ختم کرنے کے لیے اپنے غیرمتزلزل عزم پر قائم ہے۔
عاصم منیر نے کہا کہ بیرونی سرپرستی میں کام کرنے والے پراکسی عناصر مسلسل بلوچستان میں بدامنی، عدم استحکام اور امن کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں تاہم پاکستان کی مسلح افواج عوام کی یکجہتی اور ثابت قدمی کے ساتھ ان مذموم عزائم کو ناکام بنائیں گی۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بلوچستان کو پاکستان کا فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ صوبہ بے پناہ قدرتی وسائل سے مالا مال ہے اور بلوچستان کے محب وطن، باہمت اور جفاکش عوام صوبے کی سب سے بڑی طاقت ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں بلوچستان کی سماجی و معاشی ترقی کے لیے عوام دوست اور جامع منصوبوں پر عمل پیرا ہیں، جن کا مقصد صوبے کی تقدیر بدلنا ہے۔
عاصم منیر نے قومی یکجہتی کے فروغ میں سول سوسائٹی، جامعات، میڈیا اور نوجوانوں کے مثبت کردار کو سراہا اور کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے اور روشن مستقبل کی بنیاد رکھنے کے لیے قومی اتحاد، استقلال اور مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جی ایچ کیو میں تقریب کے اختتام پر شرکا کے ساتھ تفصیلی سوال و جواب کا سیشن بھی منعقد ہوا، جس میں بلوچستان کے شرکا نے پاکستان کے استحکام، ترقی، امن اور خود مختاری کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔