
پاکستان میں کاروباری ہفتے کے مسلسل تیسرے روز بھی سونے اور چاندی کی قیمتوں میں مزید بڑا اضافہ ہوا ہے، جہاں فی تولہ سونا 4600 روپے جب کہ 10 گرام سونا 3944 روپے مہنگا ہوا ہے۔
بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں آج بدھ کے روز بھی فی اونس سونے کی قیمت میں 46 ڈالر کے اضافے کے بعد نئی عالمی قیمت 4 ہزار 114 ڈالر کی سطح پر آگئی ہے جب کہ چاندی کی قیمت 0.07 ڈالر اضافے کے بعد 59.24 ڈالر فی اونس ریکارڈ کی گئی ہے۔
عالمی مارکیٹ کے زیر اثر مقامی صرافہ بازاروں میں بھی آج کاروباری ہفتے کے تیسرے دن 24 قیراط کے حامل سونے کی فی تولہ قیمت 4 ہزار 600 روپے اضافے کے بعد 4 لاکھ 33 ہزار 836 روپے ہو گئی ہے۔
آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق 10 گرام سونے کی قیمت میں 3 ہزار 944 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد 10 گرام سونے کی قیمت 3 لاکھ 71 ہزار 944 روپے پر آ گئی ہے۔
سونے کی قیمتوں میں اضافے کے ساتھ ہی ملک میں چاندی کی قیمت میں بھی معمولی اضافہ دیکھا گیا، جہاں فی تولہ چاندی کی قیمت 7 روپے مہنگی ہو کر 6 ہزار 403 روپے جب کہ 10 گرام چاندی کی قیمت 6 روپے کے اضافے کے بعد 5 ہزار 489 روپے کی سطح پر آگئی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی سونے کی فی تولہ قیمت میں 4 ہزار 700 روپے کا اضافہ ہوا تھا، جس کے بعد سونے کی فی تولہ قیمت 4 لاکھ 29 ہزار 236 روپے پہنچ گئی تھی، اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی 4 ہزار 29 روپے کا اضافہ ہوا تھا۔ جس کے بعد 10 گرام سونے کی قیمت بڑھ کر 3 لاکھ 68 ہزار روپے تک پہنچ گئی۔
گزشتہ روز چاندی کی قیمت میں بھی اضافہ ہوا تھا۔ اور فی تولہ چاندی 219 روپے مہنگی ہو کر 6 ہزار 396 روپے کی سطح پر پہنچ گئی تھی۔
واضح رہے کہ سونا خریدنا روایتی طور پر محفوظ سرمایہ کاری سمجھا جاتا ہے جس کی قیمت افراط زر، سیاسی اور معاشی عدم استحکام کے اوقات میں بڑھ جاتی ہے، اسے صدیوں سے کرنسی اور دولت کی شکل کے طور پر استعمال کیا جاتا رہا ہے۔ جب سرمایہ کار دوسرے اثاثوں کے بارے میں غیر یقینی محسوس کرتے ہیں، تو وہ اکثر سونا خریدے ہیں۔
پاکستان میں گذشتہ برس سونے کی قیمت کے تعین کے طریقہ کار میں تبدیلی کردی گئی تھی، جس کے تحت سونے کی قیمت انٹرنیشنل مارکیٹ ریٹ سے 20 ڈالر فی اونس زیادہ مقرر کی گئی۔