فیفا ورلڈ کپ 2026 کی فاتح اور رنر اپ ٹیم کو کتنی انعامی رقم ملے گی؟

فیفا ورلڈ کپ 2026 تاریخ کا سب سے بڑا فٹبال ٹورنامنٹ ثابت ہو رہا ہے، جہاں ٹیموں، میچوں اور مجموعی مالی حجم میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ امریکا، کینیڈا اور میکسیکو میں مشترکہ طور پر منعقد ہونے والے 48 ٹیموں پر مشتمل اس ایونٹ کے لیے فیفا نے مجموعی طور پر 87 کروڑ 10 لاکھ ڈالر کی ریکارڈ مالی تقسیم کا اعلان کیا ہے جب کہ کارکردگی کی بنیاد پر دی جانے والی انعامی رقم کا فنڈ 65 کروڑ 50 لاکھ ڈالر مقرر کیا گیا ہے، جو 2022 کے ورلڈ کپ کے مقابلے میں تقریباً 50 فیصد زیادہ ہے۔

فیفا ورلڈ کپ 2026 کے فائنل میں آج اسپین اور ارجنٹینا کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گے، جہاں نہ صرف دنیا کی سب سے بڑی فٹبال ٹرافی کا فیصلہ ہوگا بلکہ ریکارڈ 5 کروڑ ڈالر کی انعامی رقم بھی داؤ پر لگی ہوگی۔

فیفا کے مطابق ورلڈ کپ 2026 کی فاتح ٹیم کی قومی فٹبال فیڈریشن کو 5 کروڑ امریکی ڈالر جب کہ رنر اپ ٹیم کو 3 کروڑ 30 لاکھ امریکی ڈالر دیے جائیں گے۔ اس طرح چیمپئن اور رنر اپ کے درمیان انعامی رقم کا فرق ایک کروڑ 70 لاکھ ڈالر ہوگا۔

رواں برس امریکا، کینیڈا اور میکسیکو کی مشترکہ میزبانی میں ہونے والے ورلڈ کپ میں مجموعی طور پر 48 ٹیمیں شریک ہیں، جس کے باعث ایونٹ کے حجم کے ساتھ مالی وسائل میں بھی نمایاں اضافہ کیا گیا ہے۔

فیفا کے مطابق مجموعی 87 کروڑ 10 لاکھ ڈالر کی مالی تقسیم میں کارکردگی کی بنیاد پر دی جانے والی انعامی رقم، شریک ٹیموں کے لیے تیاری کے اخراجات، اضافی مالی معاونت اور دیگر پروگرام شامل ہیں۔ ان میں صرف کارکردگی کی بنیاد پر دی جانے والی انعامی رقم کا فنڈ 65 کروڑ 50 لاکھ ڈالر ہے، جو قطر میں منعقدہ 2022 کے ورلڈ کپ کے مقابلے میں تقریباً 50 فیصد زیادہ ہے۔

فیفا نے اعلان کیا ہے کہ ٹورنامنٹ میں شریک ہر قومی فٹبال فیڈریشن کو صرف ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنے پر ایک کروڑ ڈالر کی ضمانتی رقم فراہم کی گئی جب کہ ٹیموں کی تیاری کے اخراجات کے لیے فی ٹیم 25 لاکھ ڈالر بھی مختص کیے گئے۔ اس کے علاوہ وفود کے سفری اور انتظامی اخراجات سمیت دیگر سہولیات کے لیے بھی اضافی فنڈز فراہم کیے گئے ہیں۔

ٹورنامنٹ کے مختلف مراحل کے لیے بھی الگ الگ انعامی رقوم مقرر کی گئی ہیں۔ راؤنڈ آف 32 تک پہنچنے والی ٹیم کو ایک کروڑ 10 لاکھ ڈالر، پری کوارٹر فائنل (راؤنڈ آف 16) کھیلنے والی ٹیم کو ایک کروڑ 50 لاکھ ڈالر، کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کرنے والی ٹیم کو ایک کروڑ 90 لاکھ ڈالر، چوتھی پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم کو 2 کروڑ 70 لاکھ ڈالر، تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم کو 2 کروڑ 90 لاکھ ڈالر، رنر اپ کو 3 کروڑ 30 لاکھ ڈالر جب کہ عالمی چیمپئن کو 5 کروڑ ڈالر دیے جائیں گے۔

تیسری پوزیشن کے میچ میں انگلینڈ نے فرانس کو 4 کے مقابلے میں 6 گول سے شکست دے کر برانز میڈل اپنے نام کیا۔ اس کامیابی پر انگلینڈ کو 2 کروڑ 90 لاکھ ڈالر کی انعامی رقم ملے گی جب کہ چوتھی پوزیشن حاصل کرنے والی فرانس کی ٹیم کو 2 کروڑ 70 لاکھ ڈالر دیے جائیں گے۔

فیفا کے مطابق کوارٹر فائنل تک پہنچنے والی ٹیموں، جن میں ناروے، بیلجیئم، مراکش اور سوئٹزرلینڈ شامل ہیں، کو فی ٹیم ایک کروڑ 90 لاکھ ڈالر دیے جائیں گے۔ اسی طرح نویں سے سولہویں پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیموں کو ایک کروڑ 50 لاکھ ڈالر، 17 ویں سے 32 ویں نمبر تک رہنے والی ٹیموں کو ایک کروڑ 10 لاکھ ڈالر جب کہ 33 ویں سے 48 ویں پوزیشن تک آنے والی ہر ٹیم کو 90 لاکھ ڈالر فراہم کیے جائیں گے۔

فیفا کا کہنا ہے کہ انعامی رقم براہِ راست متعلقہ قومی فٹبال فیڈریشنز کو ادا کی جاتی ہے جب کہ کھلاڑیوں کو ملنے والے بونس کا فیصلہ ہر ملک کی فٹبال فیڈریشن اور ٹیم کے درمیان طے پانے والے معاہدوں کے مطابق کیا جاتا ہے۔

اس کے علاوہ فیفا کے کلب بینیفٹس پروگرام کے تحت قومی ٹیموں کو اپنے کھلاڑی فراہم کرنے والے کلبوں میں بھی مجموعی طور پر 35 کروڑ 50 لاکھ ڈالر تقسیم کیے جائیں گے، جو اس پروگرام کی تاریخ کی سب سے بڑی رقم ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق 2022 کے ورلڈ کپ میں چیمپئن ارجنٹینا کو 4 کروڑ 20 لاکھ ڈالر جب کہ 2018 کے عالمی چیمپئن فرانس کو 3 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کی انعامی رقم ملی تھی۔ اس کے مقابلے میں 2026 کے ورلڈ کپ میں فاتح ٹیم کے لیے مقرر کردہ 5 کروڑ ڈالر کی انعامی رقم عالمی کپ کی تاریخ کی سب سے بڑی انفرادی انعامی رقم ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles