
پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے آئندہ چند روز کے دوران صوبے کے مختلف دریاؤں اور ندی نالوں میں سیلابی صورت حال کے خدشے کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق 20 سے 24 جولائی کے دوران پنجاب کے دریاؤں میں پانی کی صورت حال میں اضافے کا خدشہ ہے، دریائے چناب میں مرالہ کے مقام پر نچلے سے اونچے درجے کے سیلاب کی وارننگ جاری کی گئی ہے جب کہ دریائے راوی اور چناب سے ملحقہ ندی نالوں بہیں، بسنتر، ڈیگ، ایک، پلکھو، بھمبر، ہلسی اور ڈورا میں بھی سیلابی صورت حال کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق ڈیرہ غازی خان کی رود کوہیوں میں اچانک آنے والے سیلاب (فلیش فلڈ) کا خدشہ بھی ظاہر کیا ہے۔ اس کے علاوہ لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، سرگودھا، اوکاڑہ، ساہیوال، بہاولنگر اور راولپنڈی ڈویژن کے مختلف علاقوں میں اربن فلڈنگ کا امکان بتایا گیا ہے۔
ممکنہ صورت حال کے پیش نظر تمام کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، واسا، ریسکیو 1122 اور دیگر متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ محکمہ آبپاشی، صحت، زراعت، جنگلات، لائیو اسٹاک، ٹرانسپورٹ اور لوکل گورنمنٹ کو بھی پیشگی انتظامات مکمل کرنے کا کہا گیا ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عمر عباس میلہ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ ایمرجنسی کنٹرول رومز فعال رکھے جائیں، ریسکیو ٹیمیں ہر وقت تیار رہیں اور امدادی کارروائیوں کے لیے ضروری سامان، ایندھن اور مشینری کی دستیابی یقینی بنائی جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دریا کے کناروں اور پاٹ میں رہائش پذیر افراد اور مویشیوں کی بروقت منتقلی کو یقینی بنایا جائے جب کہ فلڈ ریلیف کیمپوں میں خوراک، پینے کے صاف پانی اور دیگر بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں۔
پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ جاری کردہ حفاظتی ہدایات پر عمل کریں، غیر ضروری طور پر سیلابی علاقوں کا رخ نہ کریں اور کسی بھی ہنگامی صورت حال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 یا ریسکیو 1122 سے فوری رابطہ کریں۔