صدر ٹرمپ کا آبنائے ہرمز کا کنٹرول سنبھالنے کا اعلان

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا آبنائے ہرمز کی نگرانی سنبھال سکتا ہے اور اس اہم بحری گزرگاہ کی حفاظت کے بدلے اسے مالی معاوضہ ملنا چاہیے۔ ان کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

قطری نشریاتی ادارے ’الجزیرہ‘ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ’فاکس نیوز‘ کو ٹیلی فونک انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ہم آبنائے ہرمز کو محفوظ رکھیں گے اور ممکن ہے اسے ہم ہی چلائیں۔ ہم اس آبنائے کے نگہبان بن جائیں گے، شاید اسے گارڈین اینجل آف دی اسٹریٹ کہیں اور اس کے لیے ہمیں معاوضہ ملنا چاہیے۔

صدرٹرمپ نے مزید کہا کہ امریکا آبنائے ہرمز کی حفاظت کے بدلے بہت زیادہ رقم حاصل کرے گا۔ ان کے بقول دیگر ممالک بہت خوش حال ہیں، وہ ہمارے ساتھ ہیں اور ہم سے یہ توقع نہیں کی جا سکتی کہ ہم یہ سب کچھ مفت میں کریں۔

’الجزیرہ‘ کی رپورٹ کے مطابق حالیہ دنوں میں امریکی فوج اور ایران کی پاسدارانِ انقلاب کے درمیان جھڑپوں میں اضافہ ہوا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دونوں فریق آبنائے ہرمز پر کنٹرول حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

آبنائے ہرمز دنیا کی اہم ترین بحری گزرگاہوں میں شمار ہوتی ہے اور جنگ شروع ہونے سے قبل عالمی سطح پر تیل اور گیس کی تقریباً 20 فی صد ترسیل اسی راستے سے ہوتی تھی۔

اسی وجہ سے اس علاقے میں پیدا ہونے والی کشیدگی کو عالمی توانائی منڈیوں کے لیے غیر معمولی اہمیت حاصل ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles