کراچی میں رہنے والے تمغے کے مستحق ہیں، عائشہ عمر کا طنزیہ تبصرہ وائرل
عائشہ عمر نے کراچی کے شہریوں کو تمغے کا حقدار قرار دے دیا
پاکستان کی معروف اداکارہ اور میزبان عائشہ عمر نے کراچی کو دنیا کے کم رہائش پذیر شہروں میں شامل کیے جانے پر طنزیہ ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس شہر میں زندگی گزارنے والے درحقیقت کسی اعزاز یا تمغے کے مستحق ہیں۔
عائشہ عمر نے عالمی درجہ بندی سے متعلق اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں لکھا کہ کراچی کو دنیا کے رہنے کے لیے چوتھے بدترین شہر قرار دیا جانا میرے لیے حیران کن نہیں۔
انہوں نے کراچی کے شہریوں کی مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ لوگ ٹوٹی پھوٹی اور آلودہ سڑکوں پر سفر کرتے ہیں، گھنٹوں ٹریفک جام میں پھنسے رہتے ہیں، گیس اور بجلی کی قلت کا سامنا کرتے ہیں اور جرائم و ڈکیتی کے مسلسل خدشات کے باوجود اپنی معمول کی زندگی جاری رکھتے ہیں۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ کراچی کے شہری ان تمام مشکلات کے باوجود محنت کرتے ہیں، ٹیکس ادا کرتے ہیں اور ملکی معیشت میں اپنا کردار ادا کرتے ہیں اس لیے ایسے حالات میں زندگی گزارنا بذاتِ خود کسی اعزاز سے کم نہیں۔