ٹیوشن حادثہ: جاں بحق بچوں کے لواحقین کو 20، 20 لاکھ روپے دینے کا اعلان


لاہور کے علاقے کاہنہ میں ٹیوشن سینٹر کی چھت گرنے کے المناک واقعے کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر جاں بحق بچوں کے لواحقین اور زخمیوں کے لیے خصوصی مالی امداد کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ پنجاب حکومت کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاندانوں کو فوری ریلیف فراہم کرنے کے لیے امدادی رقوم شفاف انداز میں جلد ادا کی جائیں گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر سانحہ کاہنہ کے متاثرین کے لیے خصوصی مالی امدادی پیکیج کی منظوری دے دی گئی ہے۔
مشیر وزیراعلیٰ پنجاب ذیشان ملک کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والے بچوں کے لواحقین کو 20،20 لاکھ روپے جبکہ زخمیوں کو 5،5 لاکھ روپے مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔
ذیشان ملک نے کہا کہ پنجاب حکومت اس افسوسناک سانحے پر متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے اور حکومت ان کے ساتھ مکمل اظہارِ یکجہتی کرتی ہے۔ ان کے مطابق واقعے کے فوری بعد ریلیف اقدامات کا آغاز کر دیا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ امدادی رقوم کی جلد اور شفاف ادائیگی کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ متاثرہ خاندانوں کو بروقت مالی مدد فراہم کی جا سکے۔
مشیر وزیراعلیٰ نے حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق بچوں کے لواحقین سے تعزیت کی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
حکام کے مطابق امدادی پیکیج کی فراہمی کا عمل جلد مکمل کیا جائے گا، جبکہ حکومتی سطح پر واقعے کی مسلسل نگرانی اور متاثرین کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرنے کے اقدامات جاری ہیں۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles