ایمباپے نے رونالڈو کا ورلڈ کپ ریکارڈ توڑ دیا

فیفا ورلڈ کپ 2026 میں فرانس کے مایہ ناز فارورڈ کلیان ایمباپے نے ایک تاریخی سنگ میل عبور کرتے ہوئے ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ مرحلے میں سب سے زیادہ گول کرنے کا نیا عالمی ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔

28 سالہ ایمباپے نے سویڈن کے خلاف راؤنڈ آف 32 کے میچ میں شاندار کامیابی دکھاتے ہوئے دو گول اسکور کیے، اور اپنی ٹیم کو0-3 سے کامیابی حاصل کرکے اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

اس میچ میں کیے گئے دو گولوں کے بعد مباپے کے ورلڈ کپ کیریئر میں مجموعی گولوں کی تعداد 18 ہو گئی۔ اس کارکردگی کے ساتھ انہوں نے جرمنی کے سابق عظیم اسٹرائیکر میروسلاو کلوزے کو پیچھے چھوڑ دیا، جو ورلڈ کپ کی تاریخ کے نمایاں گول اسکوررز میں شمار ہوتے ہیں۔

مباپے نے اس میچ کے بعد ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ مرحلے میں اپنے گولوں کی تعداد 10 تک پہنچا دی، جو اس مرحلے میں کسی بھی کھلاڑی کی جانب سے سب سے زیادہ گول ہیں۔ اس سے قبل یہ اعزاز برازیل کے مایہ ناز فٹبالر رونالڈو کے پاس تھا، جنہوں نے ناک آؤٹ مرحلے میں آٹھ، آٹھ گول کیے تھے۔ اس فہرست میں فرانس کے جسٹ فاؤنٹین اور برازیل کے لیجنڈ پیلے سات، سات گولوں کے ساتھ ان کے بعد آتے ہیں۔

دوسری جانب ارجنٹائن کے عظیم فٹبالر میسی کے ورلڈ کپ کیریئر میں مجموعی طور پر 19 گول ہیں، تاہم ناک آؤٹ مرحلے میں انہوں نے اب تک صرف 5 گول کیے ہیں۔ جبکہ پرتگال کے مایہ ناز فٹبالر رونالڈو ورلڈ کپ کی ناک آؤٹ تاریخ میں اب تک کوئی گول اسکور نہیں کر سکے۔

سویڈن کے خلاف میچ میں ایمباپے کے اس ٹورنامنٹ کے گولوں کی تعداد بھی 6 ہو گئی، جس کے بعد وہ گولڈن بوٹ کی دوڑ میں لیونل میسی کے برابر آ گئے ہیں۔

میچ کے دوران فرانس کے مڈفیلڈر مائیکل اولیسے نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے 3 گولوں میں معاونت کی۔ ان کی بہترین پاسنگ کی بدولت مباپے نے اپنی تیز رفتاری اور عمدہ فنشنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے دونوں گول کیے اور سویڈن کے دفاع کو مسلسل دباؤ میں رکھا۔

میچ کے بعد پریس کانفرنس میں فرانس کے ہیڈ کوچ دیڈیئر دیشان نے مباپے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ میچ سے پہلے ریکارڈز کے بارے میں نہیں سوچتے بلکہ میدان میں موجود مواقع پر توجہ دیتے ہیں۔ ان کے مطابق دنیا کے سب سے بڑے مقابلوں میں مسلسل بہترین کارکردگی مباپے کو ایک منفرد مقام پر لے جا رہی ہے۔

اس کامیابی کے ساتھ فرانس نے ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ مرحلے میں 1998 کے فائنل میں برازیل کے خلاف 0-3 کی فتح کے بعد پہلی مرتبہ اسی مارجن سے کامیابی حاصل کی ہے۔ اب فرانس کا اگلا مقابلہ 4 جولائی کو پیراگوئے سے ہوگا، جس نے جرمنی کو پنالٹی شوٹ آؤٹ میں شکست دے کر پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles