لیونل میسی کا ورلڈ کپ میں بڑا دھماکہ، پہلی ہیٹ ٹرک کے ساتھ نیا عالمی ریکارڈ برابر کر دیا

ارجنٹائن کے کپتان اوراسٹار فٹبالر لیونل میسی نے فیفا ورلڈ کپ 2026 میں اپنی ٹیم کے پہلے ہی میچ میں تاریخ رقم کر دی ہے۔ الجزائر کے خلاف کھیلے گئے گروپ جے کے اس افتتاحی میچ میں میسی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہ صرف ارجنٹائن کو 3-0 سے فتح دلائی، بلکہ ورلڈ کپ کی تاریخ میں سب سے زیادہ گول کرنے کا جرمنی کے سابق فارورڈ میروسلاو کلوز کا ریکارڈ بھی برابر کر دیا۔

میسی نے میچ میں بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے اپنے ورلڈ کپ کیریئر کی پہلی ہیٹ ٹرک اسکور کی، جس کے بعد ورلڈ کپ مقابلوں میں ان کے مجموعی گولز کی تعداد 16 ہو گئی ہے اور وہ اب کلوز کے ساتھ مشترکہ طور پر پہلے نمبر پر آ گئے ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ میچ ٹھیک اسی دن کھیلا گیا جب میسی نے 20 سال قبل سربیا اور مونٹی نیگرو کے خلاف اپنے ورلڈ کپ کیریئر کا آغاز کیا تھا، جہاں انہوں نے ڈیبیو پر بھی گول کیا تھا۔

اس ہیٹ ٹرک کے ساتھ میسی دنیا کے دوسرے ایسے کھلاڑی بن گئے ہیں جنہوں نے ورلڈ کپ کے 5 مختلف ایڈیشنز میں گول اسکور کیے ہیں۔

جہاں شائقینِ فٹ بال میسی کی اس تاریخی ہیٹ ٹرک اور ارجنٹائن کے شاندار آغاز پر جشن منا رہے تھے، وہی میچ کے دوران اپنا پہلا گول اسکور کرنے کے بعد میسی کی آنکھوں میں آنے والے آنسوؤں نے سب کو حیران کر دیا۔

میچ کے بعد جب میڈیا نے 38 سالہ اسٹار فٹ بالر سے ان کے جذباتی ہونے کی وجہ پوچھی، تو انہوں نے انکشاف کیا کہ ان کے آنسوؤں کا تعلق فٹ بال سے نہیں بلکہ ان کی ذاتی زندگی سے تھا۔

میسی نے کہا، ’ان آنسوؤں کا فٹ بال سے کوئی تعلق نہیں تھا۔ میں گزشتہ چند دنوں کے دوران ایک انتہائی مشکل اور پیچیدہ دور سے گزرا ہوں۔ یہ ایک ایسا معاملہ تھا جس کا کھیلوں سے کوئی لینا دینا نہیں تھا۔‘

میسی نے ان مشکلات کی تفصیلات بتانے سے تو انکار کر دیا، تاہم انہوں نے کڑے وقت میں ساتھ دینے پر اپنے ساتھی کھلاڑیوں اور ارجنٹائن کے وفد کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔

گزشتہ ورلڈ کپ کی فاتح ارجنٹائن نے اس بار ٹورنامنٹ کا آغاز انتہائی جارحانہ انداز میں کیا ہے۔ الجزائر کے خلاف میچ میں میسی نے اپنے انٹر میامی کے ساتھی روڈریگو ڈی پال کے پاس پر پہلا گول کیا۔

جس کے بعد دوسری ہاف کے آغاز میں دوسرا اور پھر میچ کے آخری لمحات میں تیسرا گول کر کے اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کی۔ میچ کے دوران وہ ہیمسٹرنگ کی معمولی انجری سے بالکل نجات یافتہ نظر آئے۔

ارجنٹائن کے کوچ لیونل اسکالونی بھی میسی کے اس جادوئی کھیل پر حیران رہ گئے۔ میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا: ”میرے پاس لیو (میسی) کے لیے الفاظ ختم ہو چکے ہیں۔ میں کیا کہوں؟ وہ واقعی ناقابل یقین ہیں۔“

رپورٹ کے مطابق میسی کی ہیٹ ٹرک نے نہ صرف ارجنٹینا کو ورلڈ کپ میں شاندار آغاز دلایا بلکہ انہیں عالمی فٹبال تاریخ میں ایک اور سنگ میل کے قریب بھی پہنچا دیا، جہاں وہ اب کلوزے کے ساتھ 16 گولز پر برابر کھڑے ہیں۔

فی الحال فٹبال شائقین کی نظریں اس بات پر ہیں کہ کیا میسی اس ٹورنامنٹ میں یہ ریکارڈ توڑ کر اکیلے نمبر ون بن جائیں گے یا نہیں۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles